اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آبادہائی کورٹ نے نومبر 2022 کا ایم ڈی کیٹ رزلٹ 2 سال کے لیے کارآمد قرار دے دیا ہے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے میڈیکل داخلہ ٹیسٹ کے نتائج کے حوالے سے فیصلہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ نومبر 2022 کا ایم ڈی کیٹ نومبر 2024 تک کارآمد ہوگا۔عدالت نے فیصلے میں کہا کہ پٹیشنر لائبہ رؤف نے نومبر 2022 میں ایم ڈی کیٹ پاس کیا، جب ایم ڈی کیٹ پٹیشنر نے پاس کیا تو اس وقت قانون کے مطابق رزلٹ 2 سال کے لیے کارآمد تھا۔ پٹیشنر نے پی ایم ڈی سی کے 14 جولائی 2023 کے پبلک نوٹس کو چیلنج کیا ۔
ہائی کورٹ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پی ایم ڈی سی نے نوٹس میں کہا تھا 2022 کے پاس کردہ ایم ڈی کیٹ پر 2023 میں داخلہ نہیں ملے گا ۔ 2021 کی ریگولیشنز کے مطابق نومبر 2022 کے ایم ڈی کیٹ نتائج 2 سال کے لیے موزوں ہیں ۔ بعد میں کیے جانے والے ایڈمنسٹریٹو فیصلے سے پٹیشنر سے یہ حق واپس نہیں لیا جا سکتا ۔عدالت نے قرار دیا کہ پٹیشنر کا ایم ڈی کیٹ رزلٹ نومبر 2022 سے نومبر 2024 تک موزوں ہو گا ۔ عدالت نے حکم دیا کہ پٹیشنر کا کیس میں جو خرچ آیا وہ بھی پی ایم ڈی سی ادا کرے گی۔