جنوبی وزیرستان مین زیرِ تعمیر تھانے پردہشت گردوں کی فائرنگ، 5 مزدور جاں بحق، ایک زخمی


وانا(صباح نیوز)جنوبی وزیرستان کے علاقے دژہ غونڈے میں زیرِ تعمیر تھانے پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے5مزدور جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان لوئر میں صدر مقام وانا سے کچھ فاصلے پر دژہ غونڈے پر تعمیر ہونیو الے تھانے کی عمارت میں کام کرنے والے مزدور سوئے ہوئے تھے کہ رات گئے دہشت گردوں نے ان فائرنگ کر دی۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 5 مزدور جاں بحق، ایک زخمی ہوگیا، جاں بحق مزدوروں کا تعلق وزیرستان کے علاقے شکئی سے ہے۔پانچوں مزدوروں کی لاشیں اور زخمی کو ڈسٹرکٹ ہسپتال وانا منتقل کر دیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

ڈی پی او جنوبی وزیرستان فرمان اللہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے بعد تفصیلات فراہم کریں گے، ابتدائی سطح پر فائرنگ کے واقعے سے متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان عبدالناصر نے واقعے کی تصدیق کی اور کہا کہ پولیس واقعے کی تفتیش اور ملزمان کی تلاش میں ہیں۔