الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت لاہور میں1500 کے قریب نادار اور مستحق مسیحی خاندانوں میں کرسمس تحائف تقسیم

لاہور(صباح نیوز)الخدمت فاؤونڈیشن کے تحت لاہور میں1500  کے قریب نادار اور مستحق مسیحی خاندانوں میں کرسمس تحائف اور راشن پیکس تقسیم کر دیے۔ تقریب کا مقصد نادار مسیحی خاندانوں کی خوشیوں میں شریک ہونا، انہیں تحفظ کا احساس دلانا اور معاشرے میں بین المذاہب یکجہتی اور مثبت روایات کو فروغ دینا ہے۔

اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر ذکراللہ مجاہد ، سید احسان اللہ وقاص ، الخدمت لاہور کے قائمقام  صدر چوہدری  محمد سلیم  ،  مسیحی رہنما   بشپ ایم ایم وقاص، الخدمت فاؤنڈیشن کے دیگر ذمہ داران  ،مسیحی برادری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد  شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ذکر اللہ مجاہد نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک دیتے ہوئے کہا  کہ خوشیاں منانا ہر انسان کا بنیادی حق ہے، من حیث القوم ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ایسے افراد کا خیال رکھیں جن کی خوشیاں وسائل نا ہونے کے باعث مانند پڑ جاتی ہیں۔ الخدمت جس طرح عیدین کے مواقع پر  مستحق اور نادار  افراد میں عید تحائف تقسیم کرتی ہے، بالکل اسی طرح دیوالی اور کرسمس کے موقع پر بھی  تحائف تقسیم کا کام کیا جاتا ہے۔معاشرے میں قیام امن کے لئے ضروری ہے کہ مذہبی منافرت کی ہر ممکن حوصلہ شکنی کی جائے اور رواداری ومذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔

سید احسان اللہ وقاص نے بتایا کہ  الخدمت فانڈیشن ملک بھر میں بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نا گہانی آفات کی صورت میں ریسکیو اور ریلیف کی سرگرمیاں ہوں یا الفلاح الخدمت سکالر شپس کے تحت تعلیمی معاونت، تھر پارکر میں صاف پانی اور صحت کی سہولیات ہوں یا مواخات پروگرام کے تحت روزگار کی فراہمی،کفالت یتامی پروگرام کے ذریعے یتیم بچوں کی کفالت سے لے کر سماجی خدمات میں وہیل چیئرز، ونٹر پیکج، کرسمس، گڈ فرائیڈے اور دیوالی جیسے تہوارپر تحائف کی تقسیم تک، الخدمت ہر موقع پر اپنے دائرہ کار میں ہمیشہ اقلیتوں کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں نظر آتی ہے۔  انہوں نے کہا کہ  اقلیتوں میں الخدمت کے کام کو مزید موثر بنانے اور اقلیتوں کے ساتھ مل کر ان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت باقاعدہ الخدمت اقلیتی ونگ بھی موجود ہے۔جس میں چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر،  گلگت بلتستان، کراچی اور اسلام آباد سے عیسائی، ہندو اور سکھ ممبران شامل ہیں۔

کرسمس تحفہ لینے  آنے والی رقیہ  بی بی نے بتایا کہ کہ الخدمت ہر سال کرسمس کے موقع پر ہمارے لیے تقریب کا انعقاد کرتا ہے جس میں کبھی کپڑے، کبھی بستر اور لحاف اور کبھی راشن دیا جاتا ہے۔اِس مہنگائی کے دور میں ہمارے لیے یہ تحفہ بہت اہمیت رکھتا ہے۔ مسیحی رہنما  بشپ ایم ایم وقاص  اِس موقع پر بتایا کہ الخدمت فانڈیشن گزشتہ 20سال سے زائد عرصے سے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری میں تحائف تقسیم کا اہتمام کرتی ہے اور یہ بینا کسی لالچ کے یہ خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ تحائف کی تقسیم کے عمل کو  شفاف اور منظم بنانے کے لیے  الخدمت کے رضاکار علاقے  کا  سروے کرتے ہیں  اور مستحق افراد کو کوپن جاری کرتے ہیں۔