کراچی/ٹھل((صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ تبدیلی کی دعویدار حکومت نے 360 ارب کا منی بجٹ پیش کرکے عوام کا جینا مشکل بنا دیا ہے۔جماعت اسلامی ملک میں اسلامی عدل و انصاف کے نظام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔
اہل ودیانتدار قیادت ہی بلدیاتی مسائل کو حل اور ملک و قوم کی بہتر خدمت کر سکتی ہے۔ آئین سے متصادم اور بلدیاتی اداروں کو بے اختیار کرکے لولا لنگڑا بلدیاتی نظام سندھ کے عوام قبول نہیں کریں گے۔ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نہ صرف کراچی دھرنے کے شرکاء سے بامقصد مذاکرات کرے بلکہ عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے کراچی تا کشمور سندھ میں مالی و انتظامی طور بااختیار و یکساں بلدیاتی نظام دے۔
دنیا میں اللہ کے دین کا پرچم بلند کرنے کے علاؤہ اور کوئی بڑا کام نہیں ہو سکتا۔ آج معاشرے میں جو ظلم و ناانصافی کا نظام ہے۔ اسلام کے عادلانہ نظام سے ہی تمام مسائل سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ چنا، امیر ضلع حاجی دیدار علی لاشاری، نائب امیر امداد اللہ بجارانی،مقامی امیر اکبر مہر، عنایت علی ڈول،جے آئی یوتھ کے رہنما اعجاز احمد، عابد علی لاشاری، منارٹی ونگ کے شنکر لال اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔
محمد حسین محنتی نے مزید کہاکہ نوجوان اصلاح معاشرہ اور ملک و قوم کی خدمت کے جذبہ کے لیے آگے بڑھیں۔جماعت اسلامی آئندہ بلدیاتی و عام انتخابات کے لیے نوجوانوں کو میدان میں اتارے گی۔ آج منظم منصوبہ بندی کے تحت نوجوانوں کو مقصد زندگی کی سے دور اور منشیات و بے راہ روی کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔ ٹنڈوجام اور ٹنڈو الہیار میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے ہماری قوم کو کس طرف دھکیلا جا رہا ہے۔
جماعت اسلامی کرپٹ قیادت و نظام کے خلاف اور اسلامی و خوشحال پاکستان کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ قبل ازیں مہمان خصوصی کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کی گئی۔صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ چنا نے اپنے خطاب میں کہاکہ نوجوانوں کا تاریخ میں بڑا کردار رہا ہے اور اب بھی نوجوان ہی ملک میں بڑی اور حقیقی تبدیلی لانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔بلدیاتی کنونشن میں نوجوانوں امیدواروں کی بڑی تعداد میں شرکت تبدیلی کی نوید ہے۔ جماعت اسلامی انقلاب بذریعہ انتخابات کی جدوجہد کر رہی ہے۔
انتخابات دعوت کو آگے بڑھانے کا ایک ذریعہ ہے مگر اصل مقصداللہ کے کلمے کو بلند کرنا ہے۔علاؤہ ازیں صوبائی امیر نے ٹھل میں مرکز اسلامی مسجد قباء کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ سرپرست و ضلعی نائب امیر امداد اللہ بجارانی نے تفصیلی بریفنگ دی۔
محمد حسین محنتی نے جماعت اسلامی کے بزرگ رہنما مرحوم حاجی عبداللہ خان مگسی کے پوتے انجینئر عمر فاروق مگسی کی دعوت ولیمہ میں شرکت اور وہاں پر موجود سردار محبوب علی بجارانی،اکبرخان بنگلانی، محبوب علی سومرو، سید بشیر احمد شاہ،بابو عبدالقادر سمیت مختلف سیاسی و سماجی رہنماؤں سے ملاقات وسیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔#