لاہور (صباح نیوز)سربراہ مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ جو لوگ الیکشن سے فرار کی کوشش کر رہے تھے ان کی سازشیں دم توڑ گئیں ہیں، عوام کو روایتی سیاستدانوں کے بجائے شعور کو ووٹ دینا ہوگا۔مسلم لیگ ق سندھ کے صدر طارق حسن اور دیگر رہنماوں نے پارٹی صدر چوہدری شجاعت سے لاہور میں ملاقات کی، جس میں سندھ میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر امیدواروں کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے الیکشن سے فرار کی تمام سازشیں دم توڑ گئیں، ملک کا سیاسی و معاشی مستقبل عام انتخابات سے وابستہ ہے، اور اس کے لئے آزادانہ، منصفانہ اور قابل اعتماد انتخابات انتہائی ضروری ہیں۔
چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو حصہ لینے کے یکساں مواقع ملنے چاہیے، پاکستان مسلم لیگ بھی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، اور ہر میدان میں عوام کی نمائندہ جماعت بن کر ترجمانی کرے گی۔
سربراہ ق لیگ نے کہا کہ عوام کو اپنے مستقبل کیلئے آج ہی فیصلہ کرنا ہوگا اور روایتی سیاستدانوں کے بجائے شعورکو ووٹ دینا ہوگا۔شجاعت حسین نے پارٹی عہدیداران کو سیاسی سرگرمیاں اور رابطہ مہم بڑھانے کی ہدایت کی۔