ن لیگ پارلیمانی بورڈ کا اجلاس: صوبہ سندھ سے امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کر لیے

لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی انتخابی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے، پارٹی کے مرکزی پارلیمانی بورڈ نے صوبہ سندھ سے پارٹی ٹکٹ کے خواہشمند امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کرلیے گئے۔مسلم لیگ (ن) کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کا 12واں اجلاس پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون لاہور میں قائد نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں صوبہ سندھ سے مسلم لیگ ن کی ٹکٹ پر آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدواروں کے انٹرویوز کے 2 سیشنز ہوئے۔

اجلاس میں چیف آرگنائزر مریم نواز، چئیرمین الیکشن سیل اسحاق ڈار، صدر(ن) لیگ سندھ بشیر میمن سمیت دیگر سینئر رہنما شریک ہوئے۔اجلاس میں ڈویژنل کوآرڈینیٹرز اور سندھ کی صوبائی تنظیم کی جانب سے امیدواروں بارے سفارشات پیش کی گئیں۔اجلاس میں صوبہ سندھ بالعموم اور کراچی کے لیے بالخصوص امیدواروں کی اہلیت، قابلیت اور دیگر سیاسی جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور جے یو آئی(ف) کے ساتھ وسیع تر صوبائی انتخابی اتحاد قائم کرنے کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔۔۔