لاہور(صباح نیوز)حماس القدس قبلہ اول کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ فلسطین فلسطینیوں کا ہے۔اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے۔7اکتوبر کو حماس کا طوفان اقصیٰ سے اسرائیل اور اُس کے سرپرست امریکا کو پیغام مل گیا کہ اہل فلسطین اپنی سرزمین کا دفاع کرنا جانتے ہیں، ہم کسی صورت غزہ فلسطین کو نہیں چھوڑ یں گے اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔امریکا اور اسرائیل دنیا میں تنہا اور تمام حق پرست اہل فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار حماس کے ترجمان ڈاکٹر خالد قدومی نے لاہور میں سینئرصحافیوں،تجزیہ کاروں اور اینکر پرسنز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا۔جماعت اسلامی کے ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی،مجیب الرحمان شامی،سجاد میر،سید ارشاد عارف،سلمان غنی،نجم ولی خان،عابد تہامی،سلمان عابد،میاں اشفاق انجم،رضوان رضی،اشرف سہیل،نوشاد احمد، ابوبکر، حافط محمد حسان، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف ودیگر موجود تھے۔
ڈاکٹر خالد قدومی نے کہا کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک 20ہزار سے زائد بچے، خواتین، بزرگ اورجوان شہید ہوگئے، جب کہ اہل فلسطین کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔ حماس نے اسرائیلی فوج اور اُس کی عسکری قوت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جس کا مغربی میڈیا ذکر نہیں کررہا ہے لیکن صہیونی میڈیا اپنے ساڑھے چار ہزار فوجی افسروں اور جوانوں کی ہلاکت کا دبے انداز میں ذکرکررہا ہے، اسرائیل کے عوام نیتن یاہو کے خلاف ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہے۔ اہل پاکستان نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرکے ہمارے حوصلے اور بلند کردیے ہیں۔ پوری دنیا میں حق پرست لوگ اسرائیل امریکا کے خلاف سڑکوں پر نکل کر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کررہے ہیں جو کہ ہماری اخلاقی، سیاسی، سفارتی اور خارجی فتح کے مترادف ہے۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر خالد قدومی نے کہا کہ ہم نے اسرائیل کے ناپاک عزائم اور بڑھتے ہوئے قدم کو روک دیا ہے اور وہ اپنے ہی بچھائے ہوئے جال میں پھنس چکا ہے۔گریٹر اسرائیل کے عزائم کو حماس نے خاک آلود کردیا ہے۔