کراچی(صباح نیوز) سندھ حکومت نے کورونا کی بڑھتی ہوئی شرح 35 فیصد سے بھی تجاوز کرنے کے باوجود صوبے بھر میں تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق وزیراعلی مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا سے متعلق صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبے میں اسکول کھلے رہیں گے اور تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی، عوامی مقامات پر ماسک پہننے کو لازمی قرار دیا گیا ہے، جو سرکاری افسر ماسک نہیں پہنے گا اسکو جرمانہ کیا جائے گا، جرمانے میں ایک دن کی تنخواہ کی کٹوتی کرنے کی تجویز ہے۔
ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق تمام شادی ہالز، مارکیٹس، عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے، شادی کی تقریبات میں کھانا باکس میں دینے کی ہدایت کی گئی ہے، مارکیٹس میں صرف ویکسینیٹڈ افراد کے داخلے کی اجازت ہوگی، انتظامیہ کو ویکسینیشن کارڈ کا ریکارڈ چیک کرنا لازمی ہوگا، تمام سرکاری و نجی اسپتالوں کا سروے کیا جائے گا، جس میں اسپتالوں کی گنجائش کا جائزہ لیا جائے گا، اسپتالوں میں کتنی گنجائش ہے اور مزید کتنی ضرورت ہے بتایا جائے۔ترجمان کے مطابق حکومت کی ویکسینیشن مہم پورے صوبے میں تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا، کورونا کیسز میں اضافہ احتیاتی تدابیر نہ اپنانے کا نتیجہ ہے، عوام تعاون کریں گے تو اس جاری کورونا لہر پر بھی کنٹرول ہوجائے گا۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں اومیکرون ویرئنٹ پھیلنے کے بعد سے کرونا کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی مثبت شرح 35 فیصد سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔وفاقی حکام کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز 8063 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2846 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔
گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کراچی میں کرونا کی شرح 35.30 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ حیدرآباد میں کرونا کیسز کی شرح 5.12 فیصد، گلگت میں 4.08 فیصد، مظفرآباد میں 11.90 اور میرپور میں 2.17 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹے میں اسلام آباد میں کرونا وائرس کی شرح 6.95 فیصد رہی جبکہ راولپنڈی میں کرونا کی شرح 9.94 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ لاہور میں شرح 8.50، کوئٹہ میں 0.95 جبکہ ایبٹ آباد میں کرونا وائرس کی یومیہ شرح 2.39فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں کرونا کی شرح 5.43، بنوں میں یومیہ شرح 1.01 اور مردان میں 0.71 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ گوجرانوالہ، ملتان، سکردو، دیامر میں یومیہ شرح صفر رہی
۔ذرائع وزارت صحت کے مطابق 24گھنٹے میں 9 اضلاع میں کروناکی شرح 1 فیصد سے کم ریکارڈ کی گئی جبکہ چاروں صوبوں کے 25 اضلاع کرونا کے حوالے سے اہم ہیں۔