پرتھ(صباح نیوز) پرتھ میں ہونے والے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 360رنز سے شکست دے دی۔ ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن دوسرے سیشن میں آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 233رنز 5کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کی۔
دوسری اننگز کے آغاز پر ہی اوپنر عبداللہ شفیق اور کپتان شان مسعود 2،2رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کو تیسرا نقصان امام الحق کی صورت میں اٹھانا پڑا جنہوں نے 10رنز سکور کئے اور پویلین چلتے بنے، بابر اعظم 14، سرفراز احمد 4، آغا سلمان اور فہیم اشرف 5،5، عامر جمال 4اور خرم شہزاد صفر پر آؤٹ ہوئے،اس طرح 450رنز ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم دوسری اننگز میں 89رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹار اور جوش ہیزل ووڈ نے تین ،تین وکٹیں حاصل کیں، جب کہ نیتھن لائن نے دو اور پیٹ کمنز نے ایک وکٹ لی۔دن کے آغاز پر آسٹریلوی بلے باز سٹیون سمتھ 43اور عثمان خواجہ نے 34رنز کے ساتھ دوبارہ کھیلنا شروع کیا تو کچھ ہی دیر میں فاسٹ بولر خرم شہزاد نے 87رنز پر پاکستان کے لئے تیسری وکٹ حاصل کی۔
خرم شہزاد نے 45رنز پر سٹیون سمتھ کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 107رنز پر گری جب ٹریوس ہیڈ 14 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔عثمان خواجہ 90 رنز پر فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔پرتھ ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان ٹیم نے اپنی نامکمل پہلی اننگ کا آغاز 2 وکٹ پر 132 رنز سے کیا۔دن کے آغاز پر خرم شہزاد کو 7 رنز پر پیٹ کمنز نے بولڈ کیا جبکہ بابر اعظم کو 21رنز پر مچل مارش نے پویلین لوٹایا۔امام الحق کو 62 رنز پر نیتھن لائن نے، سرفراز احمد کو 3 رنز پر مچل سٹارک نے جبکہ سعود شکیل 28رنز پر جوش ہیزل ووڈ اور فہیم اشرف9رنز پر پیٹ کمنز کا شکار بنے ، عامر جمال کو 10 رنز پر نیتھن لائن نے آؤٹ کیا۔شاہین شاہ آفریدی چار رنز پر ٹریوس ہیڈ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
گزشتہ روز دوسرے دن کے اختتام پر امام الحق 38 اور خرم شہزاد 7 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن آسٹریلوی ٹیم کے 487 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی جانب سے پہلی اننگ کا آغاز امام الحق اور عبداللہ شفیق نے کیا تھا۔دونوں بلے باز نے محتاط انداز اپناتے ہوئے ٹیم کا سکور 36.2 اوورز میں 74 رنز تک پہنچایا جس کے بعد عبداللہ شفیق 42 رنز پر سپن بولر نیتھن لائن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 49.3 اوورز میں 123 رنز پر گری، کپتان شان مسعود 30 رنز بنا کر مچل سٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مہمان ٹیم کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔پرتھ ٹیسٹ کے پہلے روز آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے شاندار اور جارحانہ اننگز کھیلی، انہوں نے 211 گیندوں پر 164 رنز بنائے اور اس اننگز میں 4 چھکے اور 16چوکے شامل تھے۔اس کے علاوہ عثمان خواجہ نے 41، مارنوس لبوشین 16، سٹیو اسمتھ 31 اور ٹریوس ہیڈ 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے عامر جمال نے دو وکٹیں حاصل کیں، شاہین آفریدی، فہیم اشرف اور خرم شہزاد نے ایک ،ایک وکٹ لی۔