پی ٹی آئی عام انتخابات ملتوی کرانے کی سازش کر ر ہی ہے،شہبازشریف


لاہور (صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر اورسابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ملک میں 8 فروری کے انتخابات ملتوی  کرانے کی سازش کر ر ہی ہے۔

شہباز شریف نے اہم بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی ملک میں 8 فروری کے انتخابات ملتوی کرانے کی سازش کر ر ہی ہے،الیکشن کمیشن کے خلاف پی ٹی آئی درخواستیں الیکشن سے فرار کی منصوبہ بندی ہے، پی ٹی آئی کی درخواست عوام کی ترجمانی کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ سائفر کی طرح پی ٹی آئی ہمیشہ کی طرح دوغلی، دوہری اور منافقانہ پالیسی پر کاربند ہے، پی ٹی آئی 8 فروری سے فرار کی راہیں تلاش کررہی ہے، پی ٹی آئی میڈیا میں الیکشن جلد کرانے کے اعلان کرتی ہے جبکہ عملی طورپر عدالتوں میں تاخیر کی پٹیشنز کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں بھی بیوروکریسی نے ہی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی ذمہ داری نبھائی تھی،  2018 میں بیور وکریسی کے ڈی آر اوز کا فرض نبھانے پر پی ٹی آئی نے اعتراض نہیں کیا، ڈی آراوز کے خلاف پٹیشن لے کر پی ٹی آئی لاہور ہائی کورٹ گئی، 8 فروری 2024 کے انتخابات میں تاخیر ہوئی تو ذمہ دار پی ٹی آئی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سائفر میں عوام میں کچھ کہا،تحقیقات میں کچھ کہا، پی ٹی آئی یہی منافقت الیکشن کے حوالے سے بھی اپنائے ہوئے ہے، آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے بھی پی ٹی آئی نے ایسی ہی سازش کی تھی، پی ٹی آئی ملک میں آئینی بحران پیداکرکے سیاسی عدم استحکام چاہتی ہے، پی ٹی آئی نہیں چاہتی کہ ملک معاشی طورپر مضبوط ہو، عوام کی معاشی مشکلات ختم ہوں۔