ایپکس کمیٹی کا افغانستان میں بگڑتی انسانی صورت حال پر تشویش کا اظہار


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم عمرا ن خان کے زیر صدارت ایپکس کمیٹی نے ایک بار پھر افغانستان میں بگڑتی انسانی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مشکل وقت میں افغان عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا،وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ایپکس کمیٹی کااجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد ، مشیر تجارت عبدالرزاق داود اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف شریک ہوئے۔

افغانستان پر ایپکس کمیٹی کا یہ تیسرااجلاس تھا جس میں افغانستان کی صورت حال پر تفصیلی بات چیت کی گئی،۔افغانستان سے متعلق ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ انسانی بحران سے بچنے کے لیے افغان عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے ہم پر عزم ہیں، اقوام متحدہ کی جانب سے افغانستان کے لیے امداد کی اپیل کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

ایپکس کمیٹی نے ایک بار پھر افغانستان میں بگڑتی انسانی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان مشکل وقت میں افغان عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا، عالمی برادری بھی معاشی تباہی روکنے کے لیے نازک موڑ پر افغانستان کو امداد فراہم کرے۔

اپیکس کمیٹی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں قیمتی جانوں کو بچایا جانا سب سے زیادہ ضروری ہے، وزیر اعظم نے اجلاس میں حکام کو دوست ممالک سے دو طرفہ تعاون کے امکانات تلاش کرنے کی ہدایت کی۔انھوں نے کہا افغانستان میں انسانی بحران کو روکنے کے لیے مختلف شعبوں میں مدد کی ضرورت ہے، تعلیم یافتہ افرادی قوت میڈیکل، آئی ٹی، فنانس، اور اکانٹنگ جیسے شعبوں میں مدد فراہم کی جائے،اعلامیہ میں وزیراعظم نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی جانب سے افغانستان کے لیے امداد کی اپیل کا خیرمقدم کرتے ہیں