الخدمت فاؤنڈیشن غریب اور نادار خواتین کو باعزت روزگار کے قابل بنانے میں بھر پور کردار ادا کر رہا ہے۔ صبا ثاقب


 لاہور (صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ پاکستان کی سیکریٹری جنرل صبا ثاقب نے کہا ہے کہ خواتین کا پاکستان کی ترقی اور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ہے۔موجودہ دور میں خاندان کی کفالت میں بھی خواتین کی ذمہ داریاں بڑھتی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن جہاں ملک کے اندر اور باہر انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے وہاں غریب اور نادار خواتین کو باعزت روزگار کے قابل بنانے میں بھی بھر پور کردار ادا کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب سوسائٹی کمیونٹی سنٹرمیں مستحق خواتین میں سلائی مشینوں کی تقسیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں  عظمی محمد علی انچارج کمیونٹی سروسز،  افشاں طاہر سنٹر سپروائزر اور  عافیہ سرور  نے کی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے   افشاں طاہر نے کہا کہ جن پچاس خواتین میں سلائی مشین تقسیم کی گئی ہیں وہ اب گھر بیٹھے اپنے خاندان کی کفالت میں اپنا رول اداکر سکیں گی۔عظمی محمد علی نے کہا کہ  الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ مستحق بچیوں و خواتین کو سلائی کڑھائی کے علاوہ کمپیوٹر کورس بھی کروا رہا ہے اس کے علاوہ یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم و تدریس کا کام بھی سر انجام دیا جارہا ہے۔ عافیہ سرور نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ کے زیر اہتمام ہنر سیکھنے والی ہزاروں خواتین نہ صرف اپنے خاندان کی کفالت میں حصہ ڈال رہی ہیں بلکہ اپنے بچوں اور بہن بھائیوں کی بہترین تربیت بھی کر رہی ہیں