ملک میں الیکٹیبلز اور خاندانوں کی سیاست جمہوریت کی مضبوطی میں سب سے بڑی رکاوٹیں ہیں،امیر العظیم

لاہور (صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ ملک میں الیکٹیبلز اور خاندانوں کی سیاست جمہوریت کی مضبوطی میں سب سے بڑی رکاوٹیں ہیں۔قوم پر مسلط جاگیردار اور وڈیرے اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ایوانوں میں پہنچ جاتے ہیں۔ کڑے احتساب کے بغیر ملک کی حالت نہیں بدلے گی۔ عدالتوں کے بلانے پر جن کے پلیٹلٹس کم ہوجاتے تھے اور جیب میں ہروقت میڈیکل سرٹیفکیٹس لے کر گھومتے تھے اب وزارت عظمیٰ کے امیدوار اور شیروانیاں سلوا رہے ہیں۔ قوم جماعت اسلامی کا مورچہ سنبھالے، الیکشن میں ترازو پر مہر لگاکرملک کی ترقی و خوشحالی کی بنیاد رکھیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لبرٹی چوک میں جے آئی یوتھ کی الیکشن کمپین کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر لاہور ضیاالدین انصاری، سیکرٹری جنرل جے آئی یوتھ شاہد نوید ملک اور صدر جے آئی یوتھ لاہور جبران بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیرالعظیم نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں کے نتائج عوام کو بھگتنا پڑ رہے ہیں، سٹیٹس کو توڑنے کی ضرورت ہے اور اس کی علامت ترازوہے۔ جماعت اسلامی کے نوجوانوں کو ملک گیر الیکشن کمپین کے آغاز پر مبارک باد دیتا ہوں ، بیمار قیادتوں کی رخصتی کا وقت آگیا۔ ادارے کرپٹ افراد کے احتساب میں ناکام ہوگئے اب عوام کو اداروں کا کام بھی کرنا ہو گا اور یہ کام صرف ووٹ کی طاقت سے ہوسکتا ہے۔ سوشل میڈیا کی طاقت کا استعمال کریں اور جماعت اسلامی کا کرپشن فری اسلامی پاکستان کا پیغام گھر گھر پہنچائیں