کراچی(صباح نیوز)نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاہے کہ پاکستان کی کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کی پاکستان کیلئے خدمات قابلِ تحسین ہیں، حکومت معیشت کو دستاویزی بنانے اور ادارہ جاتی اصلاحت کے ایجنڈے پر عمل پیراہے۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری یبان کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ارکان اور پاکستان کی معروف کمپنیوں کے سربراہان سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں نگران وفاقی وزیرِ خزانہ اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی چیئرپرسن ڈاکٹر شمشاد اختر، چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان اسٹاک ایکسچینج فرخ خان، چیئرمین سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان عاکف سعید اور پاکستان کی دیگر معروف کمپنیوں کے سربراہان نے شرکت کی۔
ملاقات میں سی ای او پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے وزیرِ اعظم کے خصوصی دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اسٹاک ایکسچینج کے حوالے سے بریفنگ دی۔ملاقات میں وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ گزشتہ چند ماہ میں پاکستان میں حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی وجہ سے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کا اعتماد بڑھا ہے جس کی بدولت آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ سطح پر کاروبار جاری ہے۔ملاقات کے شرکا نے عالمی مالیاتی ادارے کے پروگرام کے حوالے سے حکومت کی سنجیدگی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کی پاکستان کیلئے خدمات قابلِ تحسین ہیں۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیرِ اعظم نے حال ہی میں قائم شدہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام اور اس کے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے مثبت اقدامات اور ان کے حوصلہ افزا نتائج پر بھی روشنی ڈالی۔وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ حکومت اپنے ادارہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈے پر عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے۔ حکومت معیشت کو دستاویزی بنانے کے حوالے سے بھی عملی اقدامات کر رہی ہے۔۔۔۔