ٹھٹھہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ حکمرانوں نے نوجوانوں سمیت قوم کو مایوس اور غیروں کی غلامی کی طرف دھکیل دیا ہے۔ منی بجٹ کے ذریعے عوام پر بجلی گرائی گئی ہے۔ ملک کو آئی ایم ایف کی غلامی سے نکالنے کے لیے نوجوان متحد اور ملک میں غلامانہ و ظالمانہ نظام کی جگہ اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے میدان میں نکلیں۔ نوجوان نہ صرف ملک کا قیمتی سرمایہ بلکہ تبدیلی نوید ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ٹھٹھہ کے تحت مقامی ہال میں منعقدہ گرینڈ یوتھ کنونشن سے خطاب کے دوران کیا۔ کنونشن میں صحافی، وکیل، کرکٹ، خدمت، تعلیم، پولیس سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمایاں شخصیات کو یادگاری شیلڈ دی گئی۔محمد حسین محنتی نے مزید کہاکہ صوبائی دارالخلافہ کراچی کے قریب اور ماضی میں دینی تعلیم اور تہذیب و ثقافت کا مرکز ٹھٹھہ آج تباہی وبربادی کا منظر پیش کررہا ہے۔ لوگ روزگار تعلیم و صحت کی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔ ملک و قوم اس وقت ظالمانہ نظام اور جاگیردارانہ و سرمایہ دارنہ سوچ کے حامل لوگوں میں پھنسے ہوئے اس نے نجات اور ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن ہونے کے لیے نوجوانوں کو آگے بڑہ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں یوتھ کو میدان میں اتاریں گے.
امیر جماعت اسلامی ٹھٹھہ عبداللہ آدم گندرو نے کہاکہ ظلم و ناانصافی کے خلاف اور اپنے حقوق کے لیے نوجوانوں کو اٹھ کھڑا ہونا پڑے گا۔ بڑے انقلاب و حقیقی تبدیلی کے لیینوجوان جماعت اسلامی یوتھ کے پلیٹ فارم پر متحد ہوجائیں۔ اسلامی پاکستان و خوشحال پاکستان ہی ملک کے تمام مسائل کا حل ہے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے وڈیو لنک سے اپنے خطاب میں کہاکہ مٹھی بھر جاگیردار و سرمایہ دار طبقے نے عوام کو یرغمال اور اپنا غلام بنا رکھا ہے۔ آپ ؐ کے علاؤہ ہم کسی کے غلام نہیں یہ شعور عوام کے اندر بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ 73 سال سے برسر اقتدار طبقہ عوام کو کوئی سہولت نہیں دے سکا۔ سونے کا چمچہ منہ میں لیکر پیدا ہونے والے شھزادے حکمرانوں کو عوام کے دکھ درد کا کیا پتہ ہے عوام اگر بیدار ہو جائے تو یہ طاقت کی بنیاد پر ہمیں غلام نہیں بنا سکتے۔ کراچی حقوقِ کے لیے سندھ اسمبلی کے باہر دھرنے سے لیکر جماعت اسلامی کی تمام تر جدوجہد حق کے غلبے اور ظلم کے خاتمے کے لیے ہے۔ اس موقع پر امیر ضلع الطاف احمد ملاح، قیم ضلع ایڈووکیٹ عبدالمجید سموں، ملاح فورم کے دادا آدم گندرو، مقامی امیر عبداللہ آدم اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔