غزہ پر اسرائیلی بمباری پر مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے، مولاناعبدالحق ہاشمی

کوئٹہ(صباح نیوز)  امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری پر مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے۔ ملک میں فرسودہ نظام قائم و دائم، لاڈلے بدلتے رہتے ہیں، ایک ہی قبیل کے لوگ جھنڈے، نعرے اور پارٹیاں بدل کر قوم پر 76برسوں سے مسلط اور سٹیٹس کو قائم رکھے ہوئے ہیں، کرپٹ نظام سے نجات کے لیے عوام 8فروری کو جماعت اسلامی کے حق میں فیصلہ دے۔بلوچستان کے سلگتے مسائل کے ذمہ دارمقتدرقوتیں،بار بار ملسط ہونے والی نااہل ناکام لوگ ہیں۔جب تک عوام کے ووٹ سے منتخب ہونے والے اقتدارمیں نہیں آئیں گے مسائل میں کمی کے بجائے اضافہ ہوتارہیگا۔

اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ انگریز چلا گیا، وفادار چھوڑ گیا۔ آزادی سے لے کر اب تک بلوچستان کے قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا،مختلف ناموں سے اقتدار پر مسلط رہنے والوں نے جائدادوں، کارخانوں میں اضافہ کیا، عوام کو روٹی ،علاج وتعلیم کا بھی محتاج کردیا، حکمرانوںنے اربوں کے قرضے لیے، ملک کو 77 ہزار ارب کا مقروض کیا، رقم کہاں گئی کسی کو معلوم نہیں، ادائیگی کے لیے عوام پر ٹیکسز اور مہنگائی مسلط کردی گئی، حکمرانوں کے شاہانہ خرچوں اور پروٹوکول میں کوئی فرق نہیں آیا، یہ ایکڑوں پر محیط سرکاری محلات میں سرکاری سیکیورٹی کے حصار کے ساتھ مقیم ہیں، غریب فٹ پاتھوں پر سوتے ہیں، بچیاں بھیک مانگتی ہیں، بھوک مٹانے کی خاطر غلط کاموں پر مجبور ہیں، مگر اہل اقتدار کو کوئی فرق نہیں۔ حکمرانوں نے ادارے تباہ کیے، تعلیم و صحت کا نظام برباد ہے، ایک عام آدمی کے لیے پینے کا صاف پانی میسر نہیں مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کا پیٹ پالنا،علاج کروانا اور بچوں کو سکول بھیجنا ناممکن ہوگیا۔

نگران حکومت سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں پر کاربند ہے، حکمران پارٹیوں نے قوم کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کا غلام بنادیا۔ سابقہ حکمرانوں نے ذاتی مفادات کی خاطر ملک و قوم کا مستقبل دائو پر لگایا، ”روٹی، کپڑا، مکان”، ملک کو ”ایشین ٹائیگر بنانے” اور ”تبدیلی” کے نعروں سے عوام کو دھوکا دیا گیا۔ لٹیروں کی وجہ سے اہل بلوچستان بلخصوص نوجوان مایوس اورپریشان ہیں امریکا کے خوف کی وجہ سے اہل فلسطین کے حق میں ایک لفظ بھی ادا نہیں کیا۔ آج بھی مقبوضہ کشمیر انسانوں کی سب سے بڑی جیل ہے، ہزاروں نوجوان قید ہیں، غزہ میں معصوم بچوں اور حاملہ خواتین کا قتل ہورہا ہے، اسرائیل کے ظلم پر حکمرانوںکی خاموشی کو پوری قوم نے دیکھ لیا۔ملک میں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے، احتساب اور انصاف مذاق بن چکا، طاقتور کے لیے قانون کھلونا ہے، اسے جب چاہے ریلیف مل جاتا ہے