لیاقت بلوچ کو ادبستان صوفیہ سکول انتظامیہ نے طلبہ و طالبات کی جانب سے فلسطینیوں کی امداد کے لیے 46لاکھ کا چیک دیا

لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے گزشتہ روز مزنگ لاہور میں ادبستان صوفیہ سکول کا دورہ اور سکول اسمبلی میں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا  ہے کہ اہل فلسطین کی مدد کرنا ہماری دینی اخلاقی ذمہ داری ہے اور پاکستانی عوام جس ملی جذبہ سے فلسطینیوں کی مدد کر رہے ہیں وہ انتہائی قابل ستائش ہے۔ جماعت اسلامی کی الخدمت فائونڈیشن کی جانب سے اب تک ایک ارب سے زائد کی امداد پہنچائی جا چکی ہے۔

اس موقع پرلیاقت بلوچ کو ادبستان صوفیہ سکول انتظامیہ نے طلبہ و طالبات کی جانب سے فلسطینیوں کی امداد کے لیے 46لاکھ کا چیک دیا ، انھوں نے اس موقع پر سکول کی انتظامیہ اور طلبہ و طالبات کی جانب سے فلسطینیوں کے لیے 46لاکھ روپے کی امداد اکٹھی کرنے پر ان کے جذبے کی تحسین کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر اعجاز نذیر، خواجہ آصف، احمد سلمان بلوچ، حافظ احمد عمیر سمیت اساتذہ کرام بھی موجود تھے۔