سانحہ مری حکومت کی بدترین نااہلی کی علامت ہے۔اسد اللہ بھٹو


 کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر و سابق رکن قومی اسمبلی اسد اللہ بھٹو نے کہاہے کہ سانحہ مری حکومت کی بدترین نااہلی کی علامت ہے۔سیاحت کو فروغ دینے کے دعویدار حکومت سیاحت کو تباہ کر رہی ہے۔سانحہ مری کی جوڈیشنل انکوائری کرائی جائے۔واقعہ میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے۔موت ایک حقیقت ہے اس کی ہر شخص کو تیاری کرنا چاہیے۔

یہ بات انہوں نے جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے سابق امیر کمال احمد فاروقی کی اہلیہ کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ پر اظہار تعزیت کے موقع پر کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا،جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے سابق نائب امیر شکیل احمد،نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے سیکریٹری محمد قاسم۔جمال، شکیل احمد جکھرو ودیگر ذمہ داران و عزیز واقارب بھی موجود تھے۔

اسد اللہ بھٹو نے مرحومہ کی مغفرت کی دعا بھی کرائی اور متعلقین کو صبر جمیل کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ موت ایک حقیقت ہے اور ہم سب کو اس کی۔تیاری کرنا چاہیے۔دنیا کی۔زندگی دھوکہ اور فریب کے سواء کچھ نہیں آخرت کی نہ ختم ہونے والی زندگی کی تیاری کی جائے۔جہاں ہمیں اپنے پل پل کا حساب دینا ہے۔

انھوں نے اس موقع پر کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنا باقی ماندہ وقت پورا کرتی نظر نہیں آرہی ہے۔آئی ایم ایف ورلڈ بینک کے ہاتھوں ملک کوگروی رکھ دیا گیا ہے اور ایسٹ انڈیا کمپنی کا پاکستان پر قبضہ ہوگیا ہے۔منی بجٹ پیش کرکے حکومت نے ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا کر دیا ہے اور سونامی ملک پاکستان کے لئے بربادی بن گیا ہے۔