لاہور (صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت رضاکاروں کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک گرینڈ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں رضا کاروں نے 16 ہزار پودے لگائے۔ پروگرام کا بنیادی مقصد رضاکاروں کے عالمی دن کو منانا اور رضاکاروں میں شعور اجاگر کرنا تھا۔ پروگرام میں الخدمت فاؤنڈیشن کے قائمقام سیکر ٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام کے نیشنل ڈائریکٹر فضل محمود، سینئیر منیجز نثار احمد ،عبداللہ محسن، حماد الرحمن ، مختلف جامعات کے سربراہان، طلبہ و طالبات اور رضاکاروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے بتایا کہ الخدمت میگا پلانٹیشن ڈرائیو کے آج کے پروگرام کو رضاکاروں کے عالمی دن سے منسوب کیا گیا ہے۔ انہوں نے رضاکاروں کو ان کے عالمی دن پر مبارکباد پیش کی اور ان کے کام کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے رضاکار ہماری طاقت ہیں، ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا اور خدمت میں پیش پیش رہے۔ سیکرٹری جنرل نے پلانٹیشن ڈارائیو کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ الخدمت ملک بھر میں اب تک 3 لاکھ اور لاہور میں 2 لاکھ پودے لگا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اس سال کی ہماری آخری پلانٹیشن ڈرائیو ہے مگر اگلے سال ہم یہ کام اس سے بھی بڑے جذبہ کے ساتھ کریں گے اور مزید پودے لگائیں گے۔ ہم لاہور کو اسموگ فری بنانے کے اپنے مشن سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ بڑھتی ہوئی آلودگی کے پیش نظر پودے لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے مہم کو کامیاب بنانے کے لیے پی ایچ ایکے کردار کو سراہا اور رضاکاروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔