پاکستان سفارتی حوالے سے انگیج افریقہ کی پالیسی پر گامزن ہے: وزیر خارجہ


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جمہوریہ کانگو کے مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان سفارتی حوالے سے انگیج افریقہ کی پالیسی پر گامزن ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق جمہوریہ کانگو کے مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف ، لیفٹیننٹ جنرل سکابوے اسیندا فال  نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، ملاقات میں سفارتی، اقتصادی، علاقائی اور سلامتی سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

وزیر خارجہ نے معزز مہمان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افریقہ میں جمہوریہ کانگو کو ایک کلیدی ملک کی حیثیت حاصل ہے، وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی قیادت کی جانب سے جمہوریہ کانگو کے صدر اور افریقی یونین کے چیئرپرسن  فیلکس انتوان شیسکیدی کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور افریقی یونین کیلئے ان کی قیادت اور خدمات کو سراہا،

انہوں نے کانگو میں پرامن جمہوری حکومت کی منتقلی پر مبارک باد بھی دی۔شاہ محمود قریشی نے جمہوریہ کانگو کے وزیر خارجہ کے لیے دورہ پاکستان کی دعوت کا پیغام بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سفارتی حوالے سے انگیج افریقہ کی پالیسی پر گامزن ہے۔فریقین کے درمیان دفاع، تربیت اور دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی،

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی امن کے حوالے سے کانگو کے کردار کا معترف ہے، جمہوریہ کانگو میں قیام امن کے لیے کردار جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔جمہوریہ کانگو کے مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف نے بھی پاکستانی فورسز کی خدمات کو سراہا