اسلام آباد (صباح نیوز)غزہ فلسطین میں جنم لینے والے انسانی المیہ سے متعلق عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لئے اسلام آباد میں معصوم بچوں اور خواتین نے غزہ کے شہید بچوں بچیوں کی علامتی طور پر میتیں اٹھا کر ریلی نکالی۔ شہداء کے خاندانوں سے بالخصوص شہید بچوں کی ماؤں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا گیا۔پرجوش بچوں نے اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے ۔
ریلی فلسطین فاؤنڈیشن اسلام آباد چیپٹر کی طرف سے نکالی گئی اور نیشنل پریس کلب کے سامنے خواتین اور بچوں نے مظلوم فلسطنیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے مظاہرہ کیا۔ بعض خواتین مظاہرین نے شیرخوار بچوں کو علامتی خون آلود کفن پہنا کر ریلی میں شرکت کرتے ہوئے غزہ کے شہید بچوں بچیوں کے والدیں سے اظہار یکجہتی کیا۔ اسرائیلی جہازوں کی خطرناک ترین بمباری میں کثیرتعدادمیں بچوں کی اجتماعی شہادتوں کے حوالے سے بھی علامتی طور پر بچوں کی نعشوں کے ڈھیر کے ذریعے اسرائیلی درندگی وحشت کی عکاسی کرنے کی کوشش کی گئی ۔بڑی تعدادمیں خواتین بچوںبچیوں نے ریلی میں شرکت کی اور علامتی میتوں پر گلاب کے پھول اور پتیاں نچھاورکیں جب کہ علامتی نعشوں کے ڈھیر پر بھی پھول رکھے گئے۔ یہ اہم سرگرمی عالمی یوم یکجہتی فلسطین کی مناسبت سے ہوئی ۔اور غزہ میں امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت کی شدید مذمت کی گئی۔
یکجہتی فلسطین مظاہرہ سے مجلس وحدت المسلمین کی رہنما نجمہ جعفری ، جماعت اسلامی پاکستان کی رہنما زبیدہ خاتون، ہوپ سوسائٹی کی رہنما مرضیہ زہرا، آئی ایس او راولپنڈی ڈویژن کی شیدا علی، البصیرہ پاکستان کی ہما مرتضی، صدیقہ کائنات اور طاہرہ نقوی نے خطاب کیا۔کئی خواتین مظاہرین نے ہاتھوں میں معصوم بچوں کی کفن پوش لاشیں بھی اٹھا رکھی تھیں۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ عالمی برادری سے سوال کیا گیا تھا کہ تمھاری انسانیت کہاں ہے؟ مظاہرین نے ہاتھوں میں امریکی مصنوعات کے بائیکاٹ کے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ پلے کارڈز پر میں انسان ہوں اور میں غزہ کے ساتھ ہوں کے پلے کارڈز بھی آویزاں تھے۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے خواتین رہنماؤں نے کہا کہ غزہ میں امریکی اور اسرائیلی جارحیت کی ہر سطح پر مذمت جاری رکھیں گے۔ غزہ میں عارضی جنگ بندی فلسطینی عوام اور حماس کی کامیابیوں کا تسلسل ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ پاکستان میں دوریاستی حل کی بات کرنے والے احمق ہیں۔ فلسطین کی مزاحمت نے دو ریاستی حل کو دفن کر دیا ہے۔ فلسطین صرف فلسطینیوں کا وطن ہے اور اسرائیل ایک غاصب اور ناجائز ریاست ہے۔ شرکائے احتجاجی مظاہرہ نے کہاکہ 29نومبر سنہ1947کو اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے فلسطینی عوام کے ساتھ نا انصافی کی گئی اور فلسطین کو تقسیم کیا گیا۔
خواتین مقررین کاکہنا تھا کہ عرب اور مسلمان حکمرانوں کی جانب سے غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ عرب حکومتیں اسرائیل کو تیل اور گیس کی سپلائی بند کریں۔ ا س موقع پر مظاہرین نے مردہ باد امریکہ، اسرائیل نا منظورفلسطین زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔