اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر مذہبی امورانیق احمد نے کہا ہے کہ اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام قائم کرنا ہماری مشترک ذمہ داری ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں اسلامی جمیعت طلبہ کے تحت قرآن اور آج کا نوجوان کے عنوان پر منعقدہ کیپٹل یوتھ ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے کہا کہ دین کے پیغام کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری کو نوجوان اپنی ذمہ داری سمجھیں ۔
ہمیں اپنے نوجوانوں سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں۔ آج کا نوجوان ہم سے زیادہ با صلاحیت ہے۔ ہمارے نوجوان دنیا کے ہر علم کو مسلمان کریں۔ سرکار دو عالم ۖ کی آمد عہد قدیم کا خاتمہ اور عہد جدید کا آغاز ہے۔ ہم قرآن کے بغیر زندگی گذارنے کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔ انہوں نے نوجوانوں کو خصوصی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی آیات کو پڑھا جائے، سمجھا جائے اور عمل کیا جائے۔ اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام قائم کرنا ہماری مشترک ذمہ داری ہے۔ پاکستان کے مستقبل کی تشکیل میں نوجوانوں کا کردار کلیدی ہے۔ #