حکومت پاکستان رومانیہ کے ساتھ مزدوروں کی نقل مکانی کے حوالے سے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کرنا چاہتی ہے، جواد سہراب ملک

اسلام آباد(صباح نیوز) رومانیہ کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ ایک پروقار تقریب میں، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل، جواد سہراب ملک نے شرکا سے خطاب کیا جن میں ایڈورڈ رابرٹ پریڈا، رومانیہ کے ناظم الامور بھی شامل تھے- خطاب میں پاکستان اور رومانیہ کے درمیان گہرے تعلقات پر بھی روشنی ڈالی گی۔ معاون خصوصی نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی ترقی اور تعاون کے لیے مشترکہ عزم پر بھی زور دیا۔تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے،

معاون خصوصی نے ترقی اور خوشحالی کی باہمی خواہشات کے لیے عالمی شراکت داری میں رومانیہ کی اہمیت پر زور دیا۔ حالیہ برسوں میں پاکستان اور رومانیہ کے درمیان تعاون پروان چڑھا ہے، رومانیہ اقتصادی، ثقافتی اور سفارتی شعبوں میں پاکستان کے لیے تیزی سے اہم شراکت دار کے طور پر ابھر رہا ہے۔رومانیہ کے متحرک شعبوں اور خوش آئند ماحول کو تسلیم کرتے ہوئے، معاون خصوصی نے تعاون کے مثبت اثرات کو اجاگر کیا، جو نہ صرف روزگار کے مواقع فراہم کرتا ہے بلکہ ثقافتی تبادلے اور ایک دوسرے کو سمجھنے کو بھی فروغ دیتا ہے۔ اس سلسلے میں کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے معاون خصوصی نے بتایا کہ رومانیہ میں گزشتہ پانچ سالوں میں 8912 پاکستانی ورکرز مختلف شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔

معاون خصوصی نے رومانیہ میں پاکستانی کارکنوں کے لیے ملازمت کے مواقع تلاش کرنے میں بیورو آف ایمگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے فعال کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ معاون خصوصی، جواد سہراب ملک نے تعاون بڑھانے کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ حکومت پاکستان رومانیہ کے ساتھ مزدوروں کی نقل مکانی کے حوالے سے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کرنا چاہتی ہے۔ یہ ایم او یو محفوظ، منظم اور باقاعدہ مزدوروں کی نقل مکانی کی سہولت کے لیے ایک منظم فریم ورک بنانے اور اس عمل میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کو دور کرنے میں مفید ثابت ہو گا۔

خطاب کے اختتام پر، معاون خصوصی، جواد سہراب ملک  نے رومانیہ کے آجروں کے ساتھ پائیدار تعاون کے قیام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ ہنر مند اور غیر ہنر مند پاکستانی افرادی قوت کے لیے بیرون ملک روزگار کے مواقع تک قانونی رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ جناب جواد سہراب ملک نے اپنے خطاب کے آخر میں رومانیہ کے قومی دن کے موقع پر حکومت پاکستان کی جانب سے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔