نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کے جائزے کیلئے اسپیشل بورڈ تشکیل


لاہور(صباح نیوز) پنجاب حکومت نے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کے جائزے کے لیے9 رکنی اسپیشل میڈیکل بورڈتشکیل دیدیا جو 5دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔

پنجاب حکومت نے سینئر پروفیسرز پر مشتمل 9 رکنی اسپیشل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا ہے جو 5 روز کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔پروفیسر ڈاکٹر عارف ندیم کو اسپیشل میڈیکل بورڈ کا کنوینئر بنایا گیا ہے جبکہ پروفیسر ڈاکٹر غیاث الانبی طیب، پروفیسر ڈاکٹر ثاقب سعید، پروفیسر ڈاکٹر شاہد حمید، پروفیسر ڈاکٹر بلال ایس محی الدین کو بھی بورڈ میں شامل کیا گیا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر عنبرین حامد، پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان، پروفیسر ڈاکٹر مونا عزیز اور ڈاکٹر خدیجہ عرفان خواجہ بھی میڈیکل بورڈ کے رکن ہوں گے۔

میڈیکل بورڈ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی 29 صفحات پر مشتمل میڈیکل رپورٹ کا جائزہ لے گا اور بورڈ 5 روز کے اندر نواز شریف کی میڈیکل کنڈیشن کے بارے میں اپ ڈیٹ کرے گا۔وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گِل نے اپنے ایک سوشل میڈیا بیان میں میڈیکل بورڈ کا تفصیلی آرڈر شیئر کیا اور ساتھ لکھا کہ وفاقی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں حکومت پنجاب نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کے جائزے کے لیے ایک میڈیکل بورڈ تشکیل دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی کے بارے میں رائے دینے کیلئے سینئر پروفیسروں پر مشتمل 9 رکنی اسپیشل میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ڈاکٹر شہباز گِل نے بتایا کہ یہ بورڈ 5 دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔