اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ خود کنٹینر پر کھڑے ہو کر بجلی کا بل جلانے والے ہر ماہ صارفین سے اربوں روپے لوٹ رہے ہیں۔
شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بجلی کی قیمت میں 4روپے 30پیسے فی یونٹ کا اضافہ قابل مذمت ہے، یہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی نہیں نا اہلی ایڈجسٹمنٹ کی وصولیاں کر رہے ہیں، اضافے سے صارفین پر 35ارب روپے اضافی وصول کئے جائیں گے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ دوسری طرف پیٹرول کی قیمتوں میں بھی اضافے کا خدشہ ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بہانہ بنا کر عوام پر مہنگائی کا بم گرایا جائے گا، عوام کو ریلیف دینے کے لئے اس حکومت کے پاس کوئی منصوبہ نہیں، اب عوام کو ریلیف تب ملے گا جب نااہل سرکار گھر جائے گی۔