لاہور( صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مہنگائی ، بے روزگاری، ذخیرہ اندوزی، گراں فروشی نے عام عوام کو زندہ درگور کردیاہے۔لوگ بے روزگار اور فاقوں پر مجبور ہیں حکمران سڑکیں اور پل بنا رہے ہیں۔کھانے کو روٹی نہیں، بچوں کیلئے تعلیم نہیں ، بیمار کے لئے علاج نہیں ،بے روزگار نوجوان جرائم کی دلدل میں دھنس رہے ہیں۔فروری میں ہونے والا الیکشن اللہ کی طرف سے ملک کو خوشحال بنانے کا بہترین موقع ہے۔ لوگوں نے اس بار جماعت اسلامی کے امیدواروںکو ووٹ دیا تو ملک کرپشن فری اور خوشحال پاکستان بنے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے رہنما قدیر شکیل کے بھائی حافظ ادیب کی شادی کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔شادی کی تقریب میں گلاب دیوی ، ہسپتال کے ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر حامد حسن،جماعت اسلامی لاہور کے امیر ضیاء الدین انصاری،صدر پاکستان پیپلز پارٹی لاہور چوہدری اسلم گل،معروف اداکار خواجہ سلیم، مسلم لیگ ن کے رہنما حافظ نعمان،سید حسنات شاہ،شکیل انور سمیت سیاسی و سماجی شخصیات کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی، ن لیگ، پی ٹی آئی نے ووٹرز سے جھوٹے وعدے کیے، یہ اب پھر 5 سال بعد انھی سڑکوں، گلی محلوں میں آئیں گے، لوگ ان کا احتساب کریں، یہ منتخب ہوتے رہے تو عوام کی محرومیاں جاری رہیں گی، بچوں کو تعلیم ملے گی نہ نوجوانوں کو روزگار، انہوں نے لوگوں کو صاف پانی تک نہیں دیا کسان مزدور پریشان ہیں، جاگیردارانہ معاشرے میں عام آدمی کی ترقی ممکن نہیں، فرسودہ نظام کے خاتمے کے لیے ترازو کا انتخاب کریں، جماعت اسلامی آپ کے مسائل حل کرے گی۔ بڑی سیاسی پارٹیوں کو باربار مواقع ملے،
انھوں نے ہر بارعوام سے دھوکا کیا،اپنے لیے مال بنایا، بیرون ملک جائدادیں خریدیں اور قوم کا مستقبل تباہ کیا، انھوں نے اداروں کو کمزور کیا، معیشت کا بیڑہ غرق کر کے ملک پر قرضوں کاہمالیہ لاد دیا، عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری دی، نوجوانوں کو مایوس کیا، آج ان کی وجہ سے ہر تیسرا چوتھا شخص ڈپریشن کا شکار ہے، یہ آیندہ 100 برس بھی اقتدار میں رہیں تو ملک ترقی نہیں کرے گا، عوام الیکشن میں ترازو پر مہر لگائیں، ترازو عدل و انصاف، امن، ترقی اور اسلامی پاکستان کی ضمانت ہے