اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی منشور کمیٹی کے چیئرمن سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ سیاسی عدم استحکام نے معاشی ترقی کو مسلسل متاثر کیا ، نواز شریف کی حکومت اور پالیسیاں جاری رہتیں تو ملک اور عوام آج بدحالی کی اس انتہا کو نہ پہنچتے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی منشور کمیٹی کے چیئرمن سینیٹر عرفان صدیقی سے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے ملاقات کی ،وفد کی قیادت فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کی سینیٹر عرفان صدیقی نے وفد کی آمد اور منشور کی تیاری کے لئے تجاویز پر شکریہ ادا کیا،
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ فیصل آباد شہر معاشی سرگرمیوں کا مرکز اور فیصل آباد چیمبر پاکستان کا بڑا چیمبر ہے، معیشت کا پہیہ چلانے میں آپ کا بڑا کردار ہے، سیاسی عدم استحکام نے معاشی ترقی کو مسلسل متاثر کیا ہے، معاشی و قومی ترقی کے سفر میں پیچھے رہنے کے ذمہ دار ہم خود ہیں، ۔انہوںنے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں ”میڈ ان پاکستان”کا فروغ مسلم لیگ (ن)کی اولین ترجیح ہے، نیب کا ایک بھی کیس قانونی اور عدالتی میرٹ پر عدالتوں میں اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکا، نواز شریف نے دہشت گردی، توانائی کے بحران ختم کئے، ترقی کی شرح 6.1 اور مہنگائی کی شرح 3.8 فیصد پر لائے، نواز شریف کی حکومت اور پالیسیاں جاری رہتیں تو ملک اور عوام آج بدحالی کی اس انتہا کو نہ پہنچتے ۔
انہوں نے کہا کہ منشور میں پاکستان کی معاشی بحالی اور خود انحصاری کے لئے قابل عمل تجاویز دیں گے،معاشی و قومی حالات کی گاڑی غیرمعمولی محنت اور تجربہ کار ٹیم ہی ٹھیک کر سکتی ہے، عام انتخابات کے بعد ایک متعین مدت کے اندر انتخابات کرانے کی تجویز منشور میں شامل کرنا زیر غور ہے، ناانصافی پر مبنی نیب کا ادارہ ختم کرنے کی تجویز منشور میں شامل کی جائے۔ملاقات میں وفد نے مطالبہ کیا ہے کہ پالیسی ریٹ میں بے تحاشہ اضافے نے کاروبار کرنا مشکل بنا دیا ہے، ڈاکٹر خرم طارق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کا چیمبرز کا دورہ کرنا خوش آئند ہے، ہمارا اوڑھنا بچھونا پاکستان ہے، اسی وطن نے ہمیں سب کچھ دیا ہے، اس کی ترقی چاہتے ہیں ،نوجوانوں کو ہنرمند بنانے، ہنرمند افرادی قوت کی برآمد، سرٹیفائیڈ تربیت کے اداروں کی ضرورت ہے،40 فیصد جی ڈی پی ‘این-او-سیز’ کی نذر ہوجاتا ہے،2017 میں نواز شریف نے سنگل ونڈو کا نظام دیا تھا، جسے دنیا نے اپنایا، اس نظام کو سب جگہ لاگو کیا جائے ۔
وفد نے زراعت، آبی ذخائر، پانی کے باکفایت استعمال، آئی ٹی، برآمدات میں اضافے، ٹیکس، قانونی اور زرعی اصلاحات، موسمیاتی تبدیلیوں سمیت دیگر شعبوں سے متعلق تجاویز دیںوفد نے منشور کی تیاری میں کاروباری برادری اور دیگر شعبوں سے مشاورت کے اقدام کو سراہا، سیاسی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنانے پر زور دیا پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمن اور فیصل آباد چیمبر کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد، فیصل آباد چیمبر کی مشرق وسطیٰ اور بین الاقوامی تجارت کے فروغ کی کمیٹی کے چیئرمن حافظ شفیق کاشف اور حاجی محمد اسلم بھلی بھی وفد میں شامل تھے ،وفد نے ملاقات کے لئے وقت دینے پر سینیٹر عرفان صدیقی کا شکریہ ادا کیا۔