اسلامی جمعیت طلبہ صوبہ خیبر کا جامعہ پشاور مین شاہراہ پر غزہ فلسطین مارچ

پشاور(صباح نیوز)سلامی جمعیت طلبہ صوبہ خیبر کا جامعہ پشاور مین شاہراہ پر غزہ فلسطین مارچجامعہ پشاور لبیک یا اقصی یاغزہ کے نعروں سے گونج اٹھی،طالبات بھی بڑی تعداد میں شریک۔ اسلامی جمعیت طلبہ صوبہ خیبر پختونخوا کے تحت جامعہ پشاور مین شاہراہ پر ہونے والا عظیم الشان اور تاریخی غزہ فلسطین مارچ پشاور کا تاریخی مارچ ثابت ہوا۔پیوٹا چوک سے مین  یونیورسٹی گیٹ تک نکالی گئی مارچ کے ہزاروں شرکا جن میں طلبہ وطالبات،اساتذہ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد شامل تھے۔

مارچ شرکا نے فلسطینی مسلمانوں وحماس کے مجاہدین کی جدوجہد اور تحریک مزاحمت کو سلام پیش کیا۔فضانعرہ تکبیر اللہ اکبر،رہبر ورہنما مصطفی ۖ،لبیک یا غزہ لبیک یا اقصی کے نعروں سے گونجتی رہی اور شرکا میں زبردست جوش خروش دیکھنے میں آیا۔غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہو ئے ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان شکیل احمد نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کا ہر کارکن بیت المقدس کی آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے کے لیے تیار  ہے۔ناظم اعلی نے کہا کہ ہم اہل خیبر کی طلبہ،طالبات اور اساتذہ کو مارچ میں شرکت پر سلام پیش کرتے ہیں۔پاکستان سمیت امت مسلمہ کے حکمران خاموش تماشائی بنے ہو ئے ہیں،طلبہ کے دل امت فلسطینی مسلمانوں کیساتھ دھڑکتے ہیں۔اسرائیلی بربیت کیخلاف ہر حل تک جائینگے۔

ناظم اعلی نے حماس کی مزاحمت اور حالیہ کاروائیوں کی بھر پور حمایت کرتے ہوئے  سلام پیش کیا۔اس موقع جنرل سیکرٹری اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان اسد علی قریشی،ناظم صوبہ خیبر پختونخوا وسیم حیدر،جنرل سیکرٹری آفتاب حسین،ناظم پشاور کیمپس اسفند یار ربانی،ناظم جامعہ پشاور آفتاب عالم اور دیگر بھی موجود تھے۔طالبات بھی سینکڑوں کی تعداد میں شریک ہوئیں اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا،فلسطینی ماوں،بہنوں اور بچوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اسلامی جمعیت طلبہ کے مارچ میں بڑی تعداد میں طالبات نے شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی فلسطنی ماوں،بہنوں اور بچوں کو اس مشکل گھڑی میں تنہار نہیں چھوڑیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ جامعہ پشاور طالبات فلسطینیوں کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتی ہیں۔