پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے شمالی وزیرستان کے سابق امیر رحمن اللہ کی ٹارگٹ کلنگ میں شہادت اور بنوں میں گورنمنٹ ڈگر کالج نمبر 2 کے اساتذہ ضیا اللہ خان ضیا اور سلیم خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کیے گئے بیان میں جماعت اسلامی کے صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں یکے بعد دیگرے جماعت اسلامی کے کارکنان اور ذمہ داران کو ٹارگٹ کرکے شہید کیا جا رہا ہے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ حکومت اور سیکورٹی ادارے بتائیں جماعت اسلامی کے کارکنان کے قاتل کون ہیں۔
انھوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلرز کو لگام ڈالی جائے۔ کارکنان کے قتل پر خاموش نہیں رہیں گے۔ حکومت قاتلوں کا سراغ لگائے اور انھیں کیفرِ کردار تک پہنچائے۔ ورنہ بھرپور احتجاج کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ معمارانِ قوم پر جان لیوا حملہ افسوسناک ہے۔ حکومت واقعے کی تحقیقات کرے، اور ملزمان کو کڑی سزا دے۔ اساتذہ کو انصاف دلائے اور ان کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے۔