خیبرپختونخوا میں چار ماہ کے دوران 91دہشتگرد ہلاک ہو ئے،سی ٹی ڈی رپورٹ


پشاور(صباح نیوز)خیبرپختونخوا میں رواں سال کے 4 ماہ کے دوران دہشت گردی کے خلاف ایک ہزار سے زائد آپریشنز میں 91دہشت گرد ہلاک کئے گئے۔ جن میں 16 انتہائی مطلوب دہشت گرد بھی شامل تھے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی کی 4 ماہ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے 189 واقعات ہوئے۔ جن پر 10 حملے انسداد پولیو ٹیموں پر کئے گئے۔رپورٹ کے مطابق صوبہ بھر میں ایک ہزار دو آپریشنز کئے گئے جن میں 16 انتہائی مطلوب دہشت گردوں سمیت 91 تخریب کار مارے گئے، دہشت گردوں کے قبضے سے دو خود کش جیکٹس، چھتیس دستی بم اور 247 کلو گرام بارودی مواد برآمد ہوا۔واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں رواں سال کے پہلے چار ماہ کے دوران دہشت گرد واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔