پاک فوج کے خیبر پختونخوا پولیس کی استعداد کار بڑھانے کیلئے خصوصی اقدامات


پشاور(صباح نیوز) پاک فوج کی جانب سے خیبر پختونخوا پولیس کی استعداد کار بڑھانے کیلئے خصوصی اقدامات جاری ہیں اور 20 ہزار سے زائد اہلکاروں کو خصوصی تربیت دی جاچکی ہے۔

پاک فوج کی جانب سے پورے خیبر پختونخوا باالخصوص نئے ضم اضلاع میں پولیس کی استعداد کار بڑھانے کیلئے پانچ مختلف مراحل میں اب تک 23 ہزار 792 پولیس اہلکاروں کو تربیت دی جا چکی ہے اور اس حوالے سے شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں تین ہفتوں پر مشتمل 40 پولیس اہلکاروں کی خصوصی تربیت جاری ہے۔

اس کے علاوہ 600 سے زائد پولیس اہلکاروں کو ایس ایس جی کی سپیشلائیزڈ ٹریننگ، 300 اہلکاروں کو ماسٹر ٹریننگ، 34 اہلکاروں کو آء ای ڈی کو ناکارہ بنانے کی تربیت دی جا چکی ہے۔ گذشتہ دو برسوں کے دوران شمالی وزیرستان میں پاک فوج نے چار ہزار اہلکاروں کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت دی ہے۔

پاک فوج کے جانب سے ان تربیتی کورسز میں ہتھیاروں کا استعمال، سرچ آپریشن اور ناگہانی صورتحال میں شہریوں کا تحفظ شامل ہے، اس ٹرئینگ کی بدولت خیبر پختونخوا  کے یہ پولیس اہلکار مستقبل میں دہشت گردی سے نمٹنے اور امن کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گے۔اس کے علاوہ پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان میں پولیس کے 53 شہدا کے لواحقین کی دیکھ بھال بھی کی جا رہی ہے۔

پاک فوج دیگر سیکیورٹی اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لئے کوشاں رہے گی تاکہ تمام سیکیورٹی کے ادارے مل کر وطن عزیز سے دہشتگردی جیسے ناسور کو مکمل ختم کر سکیں۔