عدل وانصاف کے بغیر معاشرے میں امن اور ملک ترقی نہیں کرسکتا،اسداللہ بھٹو

کندھ کوٹ(صبا ح نیوز)نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان و سابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹوایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ عدل وانصاف کے بغیر معاشرے میں امن اور کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا، قانون کی حکمرانی، جمہوریت کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کیلئے وکلاء برادری کا کردار ناقابل فراموش ہے، بار نے ہمیشہ ہر آمر کیخلاف آواز بلند کی ہے جس کے نتیجے میں بڑے بڑے آمروں کو گھٹنے ٹیکنے پڑے، وکلاء کو 08فروری کو ملک میں ہونے والے صاف شفاف وغیر جانبدرارانہ انتخابات اور مخلص ودیانتدار قیادت کو آگے لانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کندھ کوٹ میں ڈسٹرکٹ بار سے خطاب کے دوران کیا۔ بار کے صدر سید سکندر علی شاہ، صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز،ضلعی امیر غلام مصطفی میرانی، آئی ایل ایم کے ضلعی صدر ایڈوکیٹ کلیم اللہ خلجی اور آغا عبدالفتاح پٹھان نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں بار کے صدر نے مہمان خصوصی کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کیا جبکہ وکلا ء برادری بڑی تعداد میں شریک تھی۔ اسداللہ بھٹو نے مزید کہا کہ وکلاء ایک باشعور طبقہ ہے جنہوں نے ہمیشہ آئین وانصاف کیلئے میدان عمل میں رول ادا کیا ہے آئندہ انتخابات میں بھی حق وسچ کے ساتھ کھڑے رہیں تاکہ قابل وایماندار اور جرئت مند قیادت منتخب ہوسکے۔

انہوں نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی اور صہیونی ریاست کی انسانیت سوز مظالم پر مسلم حکمرانوں کی بے حسی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ایک ناجائز قابض ریاست ہے جس کا وجود ہی ناپاک ہے اس ظلم کیخلاف جدوجہد کرنا ایمان کی نشانی ہے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنماء نے مفکر اسلام سید ابوالاعلیٰ مودودی کی شہرہ آفاق تفسیر تفہیم القرآن سمیت دیگر کتب بار کی لائبرری کیلئے ہدیہ پیش کیا۔