جماعت اسلامی سندھ کا جیکب آباد میں مغویوں کی بازیابی کیلئے دھرنا دینے والوں کیخلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج کرنے پر اظہارتشویش

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ نے جیکب آباد میں مغویوں کی بازیابی کیلئے دھرنا دینے والوں کیخلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناانصافی اور حقوق انسانی وآئین پاکستان کی سراسر خلاف ورزی قرار دیا ہے۔جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر ممتاز حسین سہتو ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پولیس کاڈاکوئوں کیخلاف آپریشن کی بجائے اپنے پیاروں کی بازیابی کیلئے پرامن احتجاج کرنے والے افراد کیخلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرنا سراسر ظلم ہے۔

ایک طرف پولیس اسکواڈ کی گاڑی میں جدید وغیرقانونی اسلحہ اسمگلنگ کرنے والے بااثر لوگوں اور ڈاکوئوں کو چھوٹ دے دی گئی ہے تو دوسری جانب مغویوں کی بازیابی اور اپنے حقوق کیلئے احتجاج کرکے چند گھنٹے روڈ بلاک کرنے والوں کیخلاف دہشتگردی کے مقدمات درج کرنا کہاں کا انصاف ہے؟ حکومت کا یہ دہرا معیار جمہوریت اور اظہار رائے کی آزادی کے دعویدار پیپلزپارٹی کی قیادت کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ظلم وظالموں کیخلاف تمام مظلوموں کو اپنے حقوق کیلئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا پڑے گا،پرامن سیاسی مزاحمت سے ہی عوام کو اپنے حقوق میسر اور پولیس سمیت تمام اداروں کی کارکردگی بہتر ہوسکتی ہے۔

صوبائی رہنماء نے مطالبہ کیا کہ مقدمات ختم اور مغویوں کی بازیابی کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جائیں۔ یاد رہے کہ جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے بی سیکشن تھانے کی حدود سے سرکی قبیلے کے اغوا ہونے والے دو محنت کش افراد عامر علی سرکی اور خادم علی سرکی کی بازیابی کیلئے رشتہ داروں نے احتجاج کرکے ٹھل-کندھ کوٹ روڈ بلاک کردیا تھا جس پر پولیس نے مظاہرین کیخلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

جماعت اسلامی سندھ کے قائم مقام امیر کاشف سعید شیخ نے کسان بورڈ پنجاب کے صدر میاں رشید منہالہ کی بلاجواز گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گندم کی خریداری کی بجائے پولیس گردی پنجاب حکومت کی بوکھلاہٹ کی نشانی ہے، پنجاب حکومت گندم خریدنے اور کسانوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ کوششوں کی بجائے کسانوں کی گرفتاریاں قابل تشویش ہیں، جماعت اسلامی کے کسان بورڈ نے جو 30اپریل سے تحریک شروع کرنے کا اعلان کررکھا ہے وہ کاشتکار طبقہ کی آواز بن چکی ہے،

پنجاب حکومت کسانوں کیخلاف بربریت پر اتر آئی ہے، 30اپریل کو جماعت اسلامی کسانوں کے حقوق کے حوالے سے ملک گیر احتجاج کررہی ہے، ان شاء اللہ یہ تحریک ضرور رنگ لائے گی اور کسانوں کو اپنی محنت کا پھل ضرور ملے گا۔صوبائی رہنماء نے کسان بورڈ پنجاب کے صدر میاں رشید منہالہ سمیت تمام کسانوں کو فی الفور رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے یاد رہے کہ جماعت اسلامی کے کسان بورڈ نے گندم کی خریدراری اورمناسب ریٹ سمیت کسانوں کے مطالبات کی منظوری کے لیے اعلانیہ تحریک کے سلسلے میں30 اپریل کو پنجاب اسمبلی کے باہراحتجاجی دھرنے ک ااعلان کر رکھا ہے۔#