کراچی ( صباح نیوز) کراچی نفسیاتی اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر سید مبین اختر رضائے الہیٰ سے انتقال کرگئے ، نماز جنازہ بعد نماز عشاء جامع مسجد الہدی بلاک بی نارتھ ناظم آباد میں جماعت اسلامی کے سینئر رہنما ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے پڑھائی جبکہ سخی حسن قبرستان میں سپردخاک کیا گیا ۔
قبل ازیں ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم نے ساری زندگی اقامت دین کے لیے وقف کی ، ڈاکٹر سید مبین اختر نے صحت کے شعبے میں گراں قدر عوامی خدمات سرانجام دیں،مرحوم کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلاتادیر رہے گا۔ نما زجنازہ میں عبوری امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان ، نائب امراء کراچی برجیس احمد ، سیف الدین ایڈوکیٹ ، راجا عارف سلطان ، مسلم پرویز، ڈپٹی سکریٹری عبد الرزاق خان ، امرائے اضلاع فاروق نعمت اللہ ، سید وجیہ حسن ، بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر قاضی صدر الدین اہل محلہ ، عزیزواقارب و رشتہ داروں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی ۔ #