عمر گل اور سعید اجمل قومی کرکٹ ٹیم کے بالنگ کوچ مقرر


لاہور(صباح نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے ٹی 20 ورلڈکپ 2009 اور ایشیا کپ 2012 جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑی اور سابق کرکٹرز عمر گل اور سعید اجمل کا بطور فاسٹ باؤلنگ اور اسپن باؤلنگ کوچ تقرر کیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان کا پہلا امتحان دورہ آسٹریلیا ہو گا، جہاں 14 دسمبر 2023 سے 7 جنوری 2024 کے درمیان ٹیسٹ میچز کی سیریز منعقد ہوگی، اس کے بعد 12 تا 21 جنوری 2024 تک نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میں خدمات انجام دیں گے۔

مزید بتایا گیا کہ عمر گل اس سے قبل افغانستان کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل کی تین میچوں کی سیریز میں باؤلنگ کوچ رہ چکے ہیں، جس کے بعد انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف ملک میں ہونے والی سیریز میں خدمات انجام دی تھیں۔

سابق فاسٹ بالر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے گزشتہ سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے باؤلنگ کوچ رہ چکے ہیں، اسی طرح وہ ٹی 20 ورلڈکپ 2022 میں افغانستان ٹیم کے بالنگ کوچ بھی تھے۔ عمر گل نے پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا میچ 2003 میں کھیلا تھا، انہوں نے پاکستان کی جانب سے 47 ٹیسٹ میچز (34.06کی اوسط سے163 وکٹیں)، 130 ون ڈے انٹرنیشنل (29.34فیصد کی اوسط سے 179 وکٹیں)اور 60 ٹی 20 انٹرنیشنل (16.97 کی اوسط سے 85 وکٹیں)کھیلے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ایک روز میچوں کے سابق عالمی نمبر 1 بالر سعید اجمل باؤلنگ کوچ کا عہدہ سنبھالیں گے، انہوں نے 2008 میں ڈیبیو کیا تھا اور پاکستان کی جانب سے 35 ٹیسٹ، 111 ون ڈے انٹرنیشنل اور 64 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں نمائندگی کی اور تمام فارمیٹس میں 447 وکٹیں اپنے نام کیں۔

سعید اجمل پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے اسپن باؤلنگ کوچ کی خدمات بھی انجام دی ہیں۔