پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کے بے بنیادالزامات اور دعوے سختی سے مسترد کردئیے


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کی اپنی پریس کانفرنس میں بیان کردہ فرضی کہانیوں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جن میں لائن آف کنٹرول (ایل۔او۔سی)کے پار نام نہاد لانچ پیڈز اور تربیتی کیمپس کی موجودگی کا اشارہ کیاگیا تھا۔

ترجمان دفترخارجہ نے اپنے جاری بیان میں کہاکہ بھارتی جنرل کے بے بنیاد الزامات نئی بات نہیں کیونکہ یہ پاکستان مخالف اس پراپیگنڈے کا حصہ ہیں جس کا بھارت میں برسراقتدار بی۔جے۔پی،آر۔ایس۔ایس دونوں ہی پرچار کرتے آرہے ہیں۔ بھارتی حکومت اکھنڈبھارت کی پریشان خیالی اورخودفریبی کے نظریہ سے جنم لینے والے جنگی جنون اور توسیع پسندانہ ایجنڈے پر عمل پیرا ہے جس سے علاقائی امن کو خطرہ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف نے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بلاتعطل جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں سے عالمی توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش کی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان بھارت پر زور دیتا ہے کہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں اپنا ظلم وبربریت فوری بند کرے، کشمیریوں کا استحصال ختم کرے اور انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت استصواب رائے کا وہ حق استعمال کرنے دے جس کا ان سے وعدہ کیاگیا تھا۔ترجمان  نے کہاکہ پاکستان بھارت کے ساتھ بامعنی مذاکرات کے عزم پر کاربند ہے تاکہ جموں وکشمیر سمیت تمام متنازعہ امور کا پرامن حل کیاجائے تاہم مذاکرات کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ذمہ داری بھارت پرعائد ہوتی ہے۔