اسلا م آباد(صباح نیوز)قومی تحفظ خوراک اورتحقیق کے وزیر سید فخر امام نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان دنیا میں غذائی تحفظ کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے جس کا مقصد اس حوالے سے مزید پر کشش مشترکہ اقدامات کو فروغ دینا ہے۔
وہ زراعت اور تحفظ خوراک موسم کے مطابق زراعت کا فروغ کے بارے میں ڈی ایٹ ملکوں کے وزرائے زراعت کے ساتویں اجلاس سے آن لائن خطاب کررہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس کانفرنس نے ہمیں ایک پلیٹ فارم فراہم کیا ہے کہ ہم بھوک اور غربت کے خاتمے، موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نمٹنے اور خوراک کی قلت اور اس کے ضیاع کے مسئلے سے نمنٹے کا عزم کریں۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں سب سے بڑا چیلنج بن گئی ہے اور لاکھوں لوگوں کوایسی نہ ختم ہونے والی غربت سے دوچار ہونے کا خطرہ ہے جن کیلئے خوراک دستیاب نہیں ہوگی۔