پشاور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا ہے کہ یہی وقت ہے نواز شریف پورے پاکستان میں جائیں اور عوام تک اپنا پیغام پہنچائیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا کہ بلور ہاوس سے بچپن کی یا دیں وابستہ ہیں، نواز شریف کی ہدایت پر بلور ہاوس آیا ہوں اور غلام بلورسے ملاقات کی ہے۔انہوں نے کہا کہ غلام بلور کو نواز شریف کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ہے، بلور خاندان سے گہرا تعلق ہے، نواز شریف بہت جلد خیبرپختونخوا کا دورہ کریں گے، خیبرپختونخوا نواز شریف کا دوسرا گھر ہے۔کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا کہ شہباز شریف نے ملک کو بچانے کیلئے اپنی سیاست کی پرواہ نہیں کی، 9 مئی کے دن جو ایجنڈا تھا عوام نے دیکھ لیا، اللہ کا شکر ہے کہ ملک بچ گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کیلئے نواز شریف دن رات محنت کر رہے ہیں، مسلم لیگ ن ایک بار پھر پاکستان کو کامیابی کی جانب لے کر جائے گی، نواز شریف کی قیادت میں سب لوگ متحد ہیں۔ن لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی کی مثال ایک گھر کی ہے جہاں اختلافات ہوتے رہتے ہیں، سردار مہتاب اور ظفر اقبال جھگڑا کے آپس میں چھوٹے موٹے ایشوز پر اختلافات ہیں، جماعت میں نظریات کی بنیاد پر اختلافات ہو سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments