احمد آباد(صباح نیوز)آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔یہ مقابلہ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں بھارتی کپتان روہت شرما نے کیویز کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز اسکور کیے، ویرات کوہلی 117 اور شریاس آئیر 105رنز بناکر نمایاں رہے۔398 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 49 ویں اوور میں 327رنز بناکر آٹ ہوگئی، ڈیرل مچل 134 رنز بناکر نمایاں رہے۔بھارت کی جانب سے محمد شامی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں۔واضح رہے کہ بھارت نے چوتھی بار آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے،
بھارتی ٹیم 2 بار ورلڈ چیمپئن بنی ہے۔بھارتی اوپنر کپتان روہت شرما ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کرکے 29 گیندوں پر 47 رنز بناکر پویلین لوٹے، ان کی وکٹ ساتھی نے لی جبکہ اوپنر شبمن گل 80 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔ویرات کوہلی نے 113 گیندوں پر117 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ شریاس آئیر 70 گیندوں پر 105 رنز کی اننگز کھیل کر آٹ ہوئے۔اس کے علاوہ کے ایل راہول 39 رنزبناکر ناقابل شکست رہے جبکہ سوریا کمار یادیو نے ایک رن بنایا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساتھی نے 3 اور ٹرینٹ بولٹ نے ایک وکٹ لی۔نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں ویرات کوہلی نے بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کا ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ 49 سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔کوہلی کی ون ڈے انٹرنیشنل سنچریوں کی تعداد 50 ہوگئی ہے۔ انہوں نے یہ سنگ میل 291 ویں ون ڈیانٹرنیشنل میں عبور کیا۔اس سے قبل سچن ٹنڈولکر نے 463 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 49 سنچریاں اسکور کی تھیں۔بھارت کے 398 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ڈیرل مچل نے 134 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کو فائنل میں نہ پہنچا سکے۔کین ولیمسن نے 69 رنز بنائے جبکہ گلین فلپس 41 رنز بناکر آٹ ہوئے،
ڈیون کونوے اور راچن رویندرا نے 13 ، 13 رنز اسکور کیے۔اس کے علاوہ ٹم ساتھی 9 ، مچل سینٹنر 8 اور لوکی فیرگوسن نے 6 رنز بنائے، ٹام لیتھم صفر پر آٹ ہوئے جبکہ مارک چپمین اور ٹرینٹ بولٹ نے 2 ،2 رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 48.5 اوورز میں 327 رنز بناکر آٹ ہوگئی اور یوں بھارت نے 70 رنز سے میچ جیت کر ورلڈکپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 9.5 اوورز میں 57 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جسپریت بمرا ، محمد سراج اور کلدیپ یادیو نے ایک ایک وکٹ لی۔شاندار بولنگ کرنے پر محمد شامی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔واضح رہے کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو یعنی کل کھیلا جائے گا، یہ میچ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں ہوگا جہاں میچ طوفان کی نذر ہونے کا خدشہ ہے۔بارش کے باعث میچ ریزرو ڈے میں بھی ممکن نہیں ہوسکا تو جنوبی افریقا پہلی بار فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گا ۔