اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے جنوبی کوریا اور الجیریا میں پاکستان کے نامزد سفرا ء نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی ،جنوبی کوریا کے لئے نامزد سفیر سے گفتگو کے دوورا صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کوریا کے ساتھ سیاسی ، معاشی ، عوامی اور ثقافتی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے ،دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم بڑھانے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے ،عارف علوی نے کہاکہ کاروبار اور سرمایہ کار دوست ماحول کی وجہ سے پاکستان سرمایہ کاری کیلئے پرکشش مقام ہے ، نامزد سفیر کورین سرمایہ کاروں کو خصوصی اقتصادی زونز اور سی پیک میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کریں، صدر مملکت نے کہا کہ کوریا اور پاکستان میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں ، کوریا کے سیاحوں کو پاکستان میں بدھ مت کے تاریخی مذہبی مقامات کا دورہ کرنے کی ترغیب دینا ہوگی ، صدر مملکت نے کوریا کے ایگزم بینک کی جانب سے اسلام آباد میں آئی ٹی پارک کیلئے 88 ملین ڈالر دینے کو سراہا،
صدر مملکت نے کراچی میں سام سنگ کے موبائل فونز مینوفیکچرنگ یونٹ شروع کرنے کو بھی سراہا،صدر مملکت نے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی دوستی گروپ کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا،بعد ازاں، الجیریا میں پاکستان کے نامزد سفیر ڈاکٹر محمد طارق نے بھی صدر مملکت سے ملاقات کی
اس موقع پر صدر نے کہاکہ پاکستان اور الجیریا کے مابین مشترکہ مذہب اور ثقافتی اقدار پر مبنی دوستانہ تعلقات ہیں، انہوں نے کہاکہ آئی ٹی شعبے میں الجیریا کے ساتھ تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے، صدر مملکت نے کہاکہ نامزد سفیر الجیریا کے ساتھ پارلیمانی اور ایوانِ صنعت و تجارت کے وفود کے تبادلوں کے فروغ کیلئے کام کریں،صدر مملکت نے پاکستان اور الجیریا کے مابین مشترکہ کاروباری کونسل قائم کرنے کی تجویز دی۔