کوروناایس او پیزکی خلاف ورزی پرکراچی میں3نجی سکول سیل


کراچی(صباح نیوز)کراچی کے ضلع وسطی میں کورنا وائرس کے نافذ العمل ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 3 نجی سکولوں کو سیل کردیا گیا۔کراچی میں 24 گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح 20.45 فیصد تک پہنچ گئی ، سندھ میں چوبیس گھنٹوں میں 1645 کیسز رپورٹ ہوئے جس میں سے 1433 کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔ماہرین کے مطابق گذشتہ روز رپورٹ ہونے والے کیسز میں سے 95 فیصد اومی کورون ہیں

۔دوسری جانب کیسز میں اضافے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے مختلف اضلاع کے سکولوں میں چیکنگ کا عمل شروع کیا گیا، جمعرات کو ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام نے ضلع وسطی میں کورونا وائرس کے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 3 نجی سکولوں کو سیل کردیا۔اس دوران انتظامیہ کی ٹیموں نے مالز پر بھی چھاپے مارے۔

واضح رہے کہ 24 گھنٹوں میں سندھ میں کرونا وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، جب کہ کرونا سے متاثرہ 172 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، رپورٹ کے مطابق 14 مریض وینٹیلیٹر پر ہیں۔سندھ حکومت نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری ویکسینیشن کروائیں اور بوسٹر ضرور لگوائیں۔

بڑھتے کیسز کے پیش نظر محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے کراچی ایکسپو سینٹر میں بچوں کو ویکسینیشن لگانے کا عمل جاری ہے۔ایکسپو ویکسی نیشن سینٹر کے عملے کے مطابق بچوں کی ویکسی نیشن کے لیے ایکسپو سینٹر کے اوقاتِ کار صبح 8 بجے سے شام ساڑھے 7 بجے تک ہیں۔بچوں کے والدین نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسکول میں بچوں کی ویکسی نیشن نہیں کرا سکے اس لیے یہاں آئے ہیں، ایکسپو سینٹر میں بچوں کے لیے ویکسی نیشن کے اوقات کار بڑھانے چاہئیں۔