اسرائیل پوری دنیا میں بے نقاب،حماس اعصابی اور نفسیاتی جنگ جیت چکی ہے ،ڈاکٹرطارق سلیم

 راولپنڈی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ او آئی سی کے اجلاس میں شامل بڑے ممالک امت مسلمہ کے اتحاد اور درست فیصلوں میں رکاوٹ ہیں سعودی عرب میں او آئی سی اور عرب لیگ کے مشترکہ اجلاس میں حماس کونہ بلانا عالمی استعمارکی غلامی کی بدترین مثال ہے جماعت اسلامی غزہ کے مظلوم فلسطینی عوام کی ہر فورم پر حمایت اورامدادی سامان کی صورت عملی تعاون جاری رکھے گی ۔ پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے لیکن ڈمی اورکٹھ پتلی حکمرانوں کی وجہ سے فلسطینی عوام کی مدد ممکن ہوسکتی ہے نہ عالمی سطح پر پاکستان کی کوئی اہمیت ہے ۔ذمہ داران وارکان پربھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوام تک جماعت اسلامی کا اسلامی وفلاحی منشور اور خدمات کو پہنچائیں تاکہ الیکشن 2024میں اہل اور دیانتدارقیادت کواقتدارحاصل ہو۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے قرطبہ سٹی میں منعقدہ جماعت اسلامی راولپنڈی کے ضلعی اجتماع ارکان سے خطاب اورمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اجتماع میں امیرضلع سیدعارف شیرازی ،بزرگ رہنماڈاکٹرمحمدکمال ،صدرنیشنل لیبرفیڈریشن پاکستان شمس الرحمن سواتی، ضلعی سیکرٹری عتیق احمدعباسی سمیت دیگر ذمہ داران اور ضلع بھرسے ارکان شریک ہوئے ۔

ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ اسرائیل پوری دنیا میں بے نقاب ہوچکا اور حماس نفسیاتی واعصابی جنگ جیت چکا ہے ۔ جانوروں اور پودوں کے حقوق کی بات کرنے والوں کے منہ سے معصوم فلسطینی بچوں کا خون ٹپک رہا ہے اقوام متحدہ اور قومی سلامتی کے ادارے ختم کردینے چاہیے وہ صرف ظالموں اور عالمی دہشتگردوں کوتحفظ دینے کے فورمزہیں ۔