عوام نے مسلم لیگ نون ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کو آزما لیا، اب جماعت اسلامی کو موقع دیں.محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ نون ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کو عوام نے آزما لیا ہے ۔ تینوں نے قوم کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ آج ملک و قوم کو جو مسائل درپیش ہیں وہ انہی نا اہل حکمرانوں کی ناکام معاشی ،سیاسی اور سفارتی پالیسیوں کی بدولت ہیں۔

پاکستا ن کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کے لئے محب وطن قیادت کی ضرورت ہے ،جو صرف اور صرف جماعت اسلامی فراہم کر سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی سیاسی تاریخ کا مطالعہ کریں تو یہ بات نمایاں ہو کر سامنے آتی ہے کہ وہ بار بار اپنا موقف تبدیل کرتے رہتے ہیں’ وہ ایک بات کرتے ہیں مگر جب اس پر ردعمل آتا ہے تو پیچھے ہٹ کر مفاہمت کے راستے اقتدار حاصل کر لیتے ہیں مگر پھر مشکلات دیکھ کر دوسری طرح کی بات کرتے ہیں،

انہوں نے کبھی عوام کی طاقت پر بھروسہ نہیں کیا۔ ہمیشہ مقتدر حلقوں سے ہاتھ ملا کر اقتدار تک پہنچے ہیں اب بھی انہوں نے خفیہ مفاہمت کا راستہ ہی اپنایا ہے ۔ ہمارا یہ المیہ رہا ہے کہ ملک و قوم پر حکمرانی کرنے والی ن لیگ ہو یا پیپلز پارٹی، یہ صرف ملکی سطح پر ہی نہیں بلکہ ذاتی مفادات کی خاطر بین الاقوامی سطح پر بھی اپنے اقتدار کی خاطر مصلحت پسندی کا راستہ ہی اختیار کرتی رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں ننگی جارحیت پر مسلم لیگ نون ، پیپلز پارٹی اسرائیل پر تو تنقید کرتی ہیں مگر اس کے سرپرست امریکا کے گھنائونے کردار سے متعلق ن لیگ اور پیپلز پارٹی دونوں خاموشی اختیار کر لیتی ہیں اور ہمیشہ امریکا کے ایجنڈے کو ملک میں آگے بڑھاتی ہیں۔ ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کے 25کروڑ عوام کو اس مفاد پرست ٹولے سے نجات دلانا چاہتی ہے ۔ہماری جدوجہد کا مقصد ملک کے اندر حقیقی معنوں میں عوامی حکومت کو قائم کرنا ہے جو کسی امریکہ ، آئی ایم ایف یا ورلڈ بنک کو جواب دینے کی بجائے عوام کے سامنے جوابدہی کو مقدم رکھے