وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اسپین کا دو روزہ دورہ مکمل کر کے واپس وطن روانہ


میڈرڈ(صباح نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اسپین کا دو روزہ دورہ مکمل کر کے واپس وطن روانہ ہوگئے،اڈولفو سوریز میڈرڈ باراجس ائرپورٹ پر سپین میں تعینات پاکستانی سفیر شجاعت راٹھور ،پاکستان میں اسپین کے سفیر مینول دوران اور وزارتِ خارجہ اسپین کے اعلی حکام نے وزیر خارجہ کو الوداع کیا،

وزیر خارجہ کو دورہ اسپین کی دعوت ان کے ہسپانوی ہم منصب، جوزے مینوئل الباریس بیونو نے دی تھی،وزیر خارجہ نے اسپین میں قیام کے دوران، اپنے ہسپانوی ہم منصب،ہسپانوی نائبین کی کانگریس کی صدر، ہسپانوی فارن ریلیشنز کمیٹی کے صدر، ہسپانوی وزیر صنعت و تجارت،اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ سیاحت کے سیکرٹری جنرل و ہسپانوی پارلیمنٹ کے اراکین سے ملاقاتیں کیں،وزیر خارجہ نے ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت سمیت کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا،

وزیر خارجہ نے میڈرڈ میں ہسپانوی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور اسپین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو اگلی سطح پر لے جانے کے عزم کا اظہار کیا،وزیر خارجہ نے میڈرڈ میں صحافیوں سے گفتگو کی اور انہیں پاکستان اور اسپین کے مابین بڑھتے ہوئے دو طرفہ تعلقات، دورہ  اسپین کے اغراض و مقاصد سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا،توقع ہے کہ وزیر خارجہ کا یہ دورہ  سپین، پاکستان اور اسپین کے مابین، دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے اور کثیرالجہتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہو گا۔