اسلا م آباد(صباح نیوز)پاکستان اور ترکی نے باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے مشترکہ اقدامات کرنے پراتفاق کیا ہے یہ اتفاق رائے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور ان کے ترک ہم منصب سلیمان سوئیلو کے درمیان ویڈیو کانفرنس کے درمیان ہوا،
کانفرنس میں علاقائی امن وامان ، غیر قانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ اورباہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت ہوئی ، اس دوران وزرائے داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ کا خاتمہ دونوں ممالک کا مشترکہ ہدف قرار دیا ،کانفرنس کے دوران پاکستان اور ترکی کے وزرائے داخلہ نے ایک دوسرے کو اپنے ملک دورہ کرنے کی دعوت دے دی ،اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات انتہائی دیرینہ اوربرادرانہ ہیں۔ مسلم امہ کو درپیش مسائل پر پاکستان اور ترکی کا موقف یکساں اور دوٹوک ہے۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ پاکستان نے افغان عوام کو قحط سے بچانے کے لئے امداد کیلئے صدا بلند کی ہے ،افغانستان پر اوآئی سی وزرا خارجہ غیر معمولی کانفرنس کا انعقاد پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ترکی کی طرف سے افغان شہریوں کی امداد انتہاء قابل تحسین فعل ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہاکہ ترکی کے ساتھ تعلقات کو پاکستان کے عوام میں بہت پزیرائی حاصل ہے۔ ترک صدر طیب اردگان پاکستان میں انتہائی مقبول مسلمان سربراہ مملکت ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ترکی کی طرف غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ روکنے کے لئے اقدامات کو تیز کیا جائیگا۔انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے لئے پاکستان زیرو ٹولرینس پالیسی پر کاربند ہے۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ ایف آئی اے کو انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہوں کے خلاف کریک ڈاون کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔ ترکی کیطرف پاکستانیوں کی غیر قانونی امیگریشن روکنے کے لئے وزارت داخلہ اور ایف آئی آے ہر ممکن اقدامات کرینگے۔ شیخ رشید احمد نے کہاکہ ایران اور افغانستان بارڑز پر فینسنگ غیر قانونی انسانی سمگلنگ اور منشیات کی نقل و حرکت روکنے میں بہت مدد گار ثابت ہوگی۔ پاکستان ایران بارڈر پر فینسنگ کا کام رواں سال مکمل ہوجائیگا۔ پاکستان اور ایران سرحد پر 700 کلومیٹر باڑ پہلے ہی لگاچکے ہیں۔
ترک وزیر داخلہ سلیمان سوئیلو کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی دونوں برادر اسلامی ملک ہیں۔ باہمی تعلقات پر بہت فخر ہے۔پاکستان اور ترکی کی داخلہ وزارتوں اور اسکے محکموں کے درمیان روابط بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ ترک وزیر داخلہ نے کہاکہ دنیا کو دہشت گردی، منشیات سمگلنگ، سائبر سکیورٹی کرائیمز اور انسانی سمگلنگ جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے،ان بڑے چینلجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے مشترکہ حکمت عملی اور پیش بندی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ بہتر روابط سے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ سے موثر طریقے سے نمٹا جاسکتا ہے۔
ترک وزیر داخلہ نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کو روکنا دونوں ممالک کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے۔غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ سے معاشی اور سماجی مسائل بھی جنم لیتے ہیں۔ دونوں ممالک کی مشترکہ حکمت عملی سے غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ سے نجات ملے گی