لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے شعبہ دعوت و تربیت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قومی سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے مسئلہ فلسطین کی بھرپور حمایت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی اتحاد امت اور اہل فلسطین کا مقدمہ لڑنے کا جو بیڑہ اٹھایا ہے، اللہ کے فضل سے دیگر مذہبی اور قومی و سیاسی جماعتیں بھی اس پیغام کو پھیلانے میں شریک ہورہی ہیں۔
جے یو آئی ایف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی حماس کی قیادت سے ملاقات اور ر تحریک لبیک پاکستان کے اسلام آباد اجتماع سے اسماعیل ہنیہ کا خطاب خوشد آیند ہے۔ جماعت اسلامی اس کا خیر مقدم کرتی ہے اور ہم اس امید کا اظہار کرتے ہیں کہ دیگر سیاسی ومذہبی جماعتیں بھی پاکستان میں فلسطینی رہنمائوں کو عوامی پلیٹ فارم مہیا کرنے اور اپنا پیغام عام کرنے کا موقع دیں گی۔ انہوں نے کہاجماعت اسلامی امت کے اتحاد کے لیے تمام کاوشیں بروئے کار لارہی ہے۔ امیر جماعت ایران میں ہیں جہاں وہ اسلامی تحریکوں کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ یہ بات انتہائی خوش آیند ہے کہ امت مسجد اقصیٰ کی حفاظت کے لیے یک جان ہورہی ہے ،امت کا زریں مستقبل عملی اتحاد و یگانگت سے وابستہ ہے۔