جماعت اسلامی فلسطین کا مقدمہ بھرپور طریقے سے آگے بڑھانے کا مشن جاری رکھے گی،لیاقت بلوچ

لاہور(صباح نیوز)قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی فلسطین کا مقدمہ بھرپور طریقے سے آگے بڑھانے کا مشن جاری رکھے گی، اسلامی دنیا کے حکمرانوں کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ غزہ میں اسرائیلی قتل عام رکوائیں۔منصورہ میں مرکزی قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک بھر میں عوام کو فلسطین مسئلہ پر موبلائز کر رہی ہے۔ اجلاس میں لاہور میں 19نومبر کو ہونے والے غزہ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری، امیر لاہور ضیاالدین انصاری ایڈووکیٹ و دیگر بھی شریک تھے۔لیاقت بلوچ نے انتظامات سے متعلق مختلف کمیٹیاں تشکیل دیں اور ہدایات جاری کیں کہ غزہ مارچ کو ہر حوالے سے تاریخی اجتماع بنانا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اس وقت پوری دنیا کا اہم ترین مسئلہ بن چکا ہے۔ امریکا کی اسرائیل کو مسلسل حمایت عالمی برادری کو چیلنج سے مترادف ہے۔ اسرائیل کو امریکی پشت پناہی ملتی رہی تو جنگ کے شعلے پھیل سکتے ہیں۔ اقوام متحدہ، اسلامی سربراہی کانفرنس اور دیگر عالمی ادارے اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں اور غزہ میں جنگ بندی کروائیں۔ پوری امت اس وقت بے چین اور مضطرب ہے،ظلم کو روکنا ہوگا۔