فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ،سان فرانسسکو کی تاریخ کی سب سے بڑی ریلی

سان فرانسسکو( عارف الحق عارف،نمائندہ خصوصی)نہتے اور مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں غزہ میں ان عوام کے مسلسل قتل عام کے خلاف اس شہر کی تاریخ کی سب سے بڑی ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں افراد نے حصہ لیا یہ ریلی ایک بجے سے پانچ بجے تک جاری رہی۔اس تاریخی ریلی میں تین ہفتوں سے زائد جاری فلسطینیوں عوام کے قتل عام اور ان کی کی نسل کشی کو فوری طور پر بند کرنے کا مطابہ کیا گیا۔یہ ریلی شہر کے مرکزی مقام سٹی ہال سے شروع ہوئی اور اس کے چاروں طرف کی گلیوں سے ہزاروں لوگ ٹولیوں کی شکل میں اس میں شامل ہوتے گئے۔

اس بڑے احتجاجی مظاہرے میں بلا امتیاز مذہب، رنگ، نسل اور زبان اور جنس معصوم بچوں،جوان مردوں اور عورتوں اور ضعیف بزرگوں اور معذوروں تک نے حصہ لیا جو اسی شہر کے باشندوں کے علاوہ شہر کے چاروں طرف بے ایریا کے علاقائی شہروں اور بستیوں سے ڈرائیو کرکے اپنے خاندانوں کے ساتھ شریک ہوئے تھے۔اس احتجاجی مظاہرے میں مسلمانوں سے زیادہ عیسائی اور دوسرے مذاہب کے لوگ نظر آرہے تھے۔ اس بڑی ریلی کا انتظام فلسطینیوں، مسلمانوں اور دوسرے مذاہب کی مختلف تنظیموں کے علاوہ حقوق انسانی کی انجمنوں نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ریلی کے شرکا نے ہزاروں کی تعداد میں فلسطین کے پرچم ، پلے کارڈز اور بینر اٹھا رکھے تھے جن پر غزہ میں فلسطینی عوام کا مسلسل قتل عام اور ان کی نسل کشی بند کرو،ہاسرائیل کو فوجی امداد بند کرو، ہمارے ٹیکسوں سے جمع رقم کو حملہ آوروں اور قاتلوں کو اربوں ڈالرز بھجنا بند کرو، فوری طور پر سیز فائر کرو،غزہ کے اسپتالوں اور انسانی آبادی پر بے رحمانہ بمباری بند کرو، فلسطین کو جابرانہ قبضہ سے آزاد کرو، اسرائیل کا بائیکاٹ کرو اور اس طرح کے اور نعرے لکھے تھے۔

یہ ریلی ایک بجے دن شروع ہوئی اور اس کے شرکا شہر کی مختلف گلیوں میں مارچ کرتے نعرے لگاتے ہوئے مرکیٹ اسٹریب سے ہوتے گزرتے ہوئے فیڈرل حکومت کی ایک عمارت کے سامنے جمع ہوئے جہاں منتظمین کے لیڈروں نے تقریریں کیں اور امریکی حکومت اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر غزہ میں بچوں عورتوں اور عوام کا قتل عام بند کرائیں اور سیز فائر کرائیں ان لیڈروں نے اپنی تقریروں میں امریکی حکومت کی اسرائیل کو ملڑی ایڈ دینے پر بھی پر شدید تنقید کی اور امریکہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس مسلے کو حل کرنے کے لئے مثبت کردار کرے ۔امریکہ کی طرف سے اسرائیل کے لئے بلین ڈالڑ کی ملٹری ایڈپر مظاہرین نے شیم شیم امریکہ اور شیم شیم جو بائیڈن کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے مارچ کے سارے راستیفری فری فلسطین۔ فری فری غزہ۔۔ سٹاپ جینوسائیڈ ان غزہ ۔۔ فرام دا ریور ٹو دی سی فلسطین ول بی فری کے نعرے لگائے۔۔