پاکستان کی جانب سے اسرائیلی وزیر کے غزہ کے خلاف ایٹمی طاقت کے استعمال کے بیان کی سخت مذمت

اسلا م آباد(صباح نیوز)پاکستان کی جانب سے اسرائیلی وزیر کے غزہ کے خلاف ایٹمی طاقت کے استعمال کے بیان کی سخت مذمت کی گئی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم ایک اسرائیلی وزیر کے فلسطینیوں کے خلاف ایٹمی طاقت کے استعمال کی دھمکی والے بیان سے حیران ہیں۔ جو نسلی قتل عام اور نسل کشی کے ارادے کی عکاسی کرتا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ (بیان) عالمی برادری کے لیے اسرائیلی جارحیت سے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کو لاحق خطرے کے لیے جاگنے کی کال ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق فلسطینیوں پر ایٹم بم کے ممکنہ استعمال کے اسرائیلی وزیر دفاع کے بیان پر ہمیں تشویش ہے۔ یہ بیان فلسطینیوں کی نسل کشی اور ان کا وجود مٹانے کے عزائم کا اظہار ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ فلسطینی وزیر کا بیان علاقائی سلامتی اور امن کے لیے خطرہ ہے۔واضح رہے کہ صہیونی وزیر نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں دھمکی دی ہے کہ غزہ پر ایٹم بم گرانا بھی ایک آپشن ہے۔ جس کے بعد  اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی ورثہ کے وزیر کو تاحکم ثانی حکومتی اجلاسوں میں شرکت سے روک دیا گیا ہے۔