نگران وزیرِ اعظم اکی زیرِ صدارت سکھ یاتریوں کو فراہم ویزہ سہولیات سے متعلق جائزہ اجلاس

اسلام آباد (صباح نیوز)نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت سکھ یاتریوں کو پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی ویزہ سہولیات  سے متعلق  جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیرِ اعظم کو سال بھرمیں منعقد ہونے والے مختلف سکھ تہوار، سکھ یاتریوں کے ویزوں اور انکو فراہم کی گئی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی.

وزیراعظم نے کہا کہ اپنے مذہب کے مقدس مقامات کی زیارت کرنے کیلئے  دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری ہمارے مہمان ہیں.سکھ یاتریوں کو اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی اور مقدس مقامات کی زیارت کے دوران ہر قسم کی سہولت فراہم کی جائے. وزیرِ اعظم  نے ہدایت کی کہ سکھ یاتریوں کو ویزہ کی فراہمی کے عمل کو مزید تیز اور شفاف بنایا جائے. کرتارپور میں سکھ یاتریوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے.

 اجلاس کو وزارت داخلہ کی جانب سے سکھ یاتریوں کو میسر ویزہ سہولیات، ویزہ کے حصول میں درکار مدت، کرتار پور راہداری کے انتظامی امور اور سکھوں کے سالانہ تہواروں پر تفصیلی طور پر بریف کیا گیا. وزیرِ اعظم نے کرتارپور راہداری کے ذریعے اور دیگر ممالک سے زیارت کیلئے آئے سکھ یاتریوں کو مزید اور بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک جامع لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی.